فٹ بال: بارسلونا ہسپانوی کپ کی فاتح
26 مئی 2012'کوپا ڈیل رے‘ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے کوچ پیپ گارڈیولا کا ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے آخری میچ بھی تھا۔ میچ سے قبل بارسلونا کے کھلاڑیوں نے کہا تھا کہ وہ فائنل جیت کر گارڈیولا کو آخری تحفہ دینا چاہتے ہیں۔
بارسلونا کی جانب سے تینوں گول میچ کے پہلے حصے میں کیے گئے۔ پہلا گول پیڈرو نے میچ کے ابتدائی چند منٹوں میں ایک کارنر پر کیا۔ میچ کا دوسرا گول آندرے انی ایسٹا کے پاس پر ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی لیونیل میسی نے کیا۔ یہ اس سیزن میں میسی کا 73 واں ریکارڈ گول تھا۔ میسی نے لا لیگا میں پچاس گول کر کے بھی ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ چیمپئنز لیگ میں بھی انہوں نے ریکارڈ 14 گول کیے۔ میچ کا تیسرا گول بھی پیڈرو نے کیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں ہی بارسلونا کی جیت تقریباً یقینی ہو گئی تھی۔
بلباؤ نے میچ کے دوسرے حصے کا آغاز عمدہ اور جارحانہ طریقے سے کیا اور بارسلونا کے گول پر کئی حملے کیے، تاہم بلباؤ ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ مجموعی طور پر دوسرے ہاف میں بلباؤ کی کارکردگی بہتر تھی۔ بارسلونا نے بھی دوسرے حصے میں گول کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔
بارسلونا لا لیگا میں دوسرے نمبر پر رہی اور اپنے گزشتہ برس کے اعزاز کا دفاع نہ کر سکی۔ اس برس لا لیگا یا ہسپانوی قومی لیگ ریئل میڈرڈ کے نام رہی۔ چیمپئنز لیگ میں بارسلونا برطانوی کلب چیلسی سے سیمی فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہار گئی تھی۔ وہ گزشتہ برس چیمپئنز لیگ کی بھی فاتح تھی۔ ’کوپا ڈیل رے‘ واحد مؤقر ٹورنامنٹ رہ گیا تھا جو بارسلونا سیزن کے اختتام سے پہلے جیت سکتی تھی۔
کنگز کپ کے سیمی فائنل میں بارسلونا نے ریئل میڈرڈ کو شکست دی تھی۔
یہ فائنل پیپ گارڈیولا کے لیے اہمیت کا حامل تھا۔ یہ بارسلونا کے لیے گارڈیولا کا آخری میچ تھا۔ بارسلونا کے کوچ کی حیثیت سے گارڈیولا نے 14 ٹرافیاں جیتی ہیں، جن میں دو چیمپئنز لیگ، تین لگاتار لا لیگا، دو کوپا ڈیل رے اور دو کلب فٹ بال ورلڈ کپ شامل ہیں۔
(shs/at (AP, AFP