1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال عالمی رینکنگ میں ہالینڈ پہلی پوزیشن پر

25 اگست 2011

دنیا کے مقبول کھیل فٹ بال کے نگران ادارے فیفا نے اقوام کی ٹیموں کی نئی عالمی درجہ بندی کا اعلان کردیا ہے۔ اس نئی رینکنگ میں یورپی ملک اسپین کی ٹیم اب پہلے مقام پر نہیں ہے۔

ہالینڈ کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیتصویر: AP

فیفا کی جانب سے نئی ورلڈ رینکنگ بدھ چوبیس اگست کو جاری کی گئی۔ اس بات کا قوی امکان تھا کہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن کی حامل ہسپانوی ٹیم اس مقام پر براجمان رہے گی لیکن اٹلی کے ہاتھوں دوستانہ میچ میں شکست نے اس کے مقام میں تنزلی پیدا کردی۔ اسپین پہلی پوزیشن پر گزشتہ ایک سال سے براجمان تھا۔ درجہ بندی متعارف کروانے کے بعد ہالینڈ اب ساتواں ایسا ملک بن گیا ہے، جسے پہلی بار اس پوزیشن کا حقدار ٹھرایا گیا ہے۔ ولندیزی ٹیم یورپی ٹیبل پر بھی ٹاپ ٹیم بن گئی ہے۔

عالمی رینکنگ کے نظام کو سن 1992میں متعارف کروایا گیا تھا۔ ہالینڈ سے قبل جن چھ ٹیموں کو یہ اعزاز حاصل ہو چکا ہے، ان میں برازیل، ارجنٹائن، فرانس، جرمنی، اٹلی اور فرانس شامل ہیں۔ ہالینڈ 1596 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ اسپین کے پوائنٹس کی تعداد  1563 ہے اور جرمنی  1330 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔    

ایک سابقہ فٹ بال ورلڈ کپ میں ڈچ کھلاڑی کا گول پر اٹیکتصویر: picture-alliance/dpa

نئی درجہ بندی میں انگلینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے جبکہ لاطینی امریکی ملکوں کے کوپا امریکہ کپ کی فاتح یوراگوئے پانچویں مقام پر ہے۔ برازیل کی ٹیم پرانی رینکنگ میں چوتھے مقام پر تھی مگر اب وہ چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ اس کی بڑی وجہ دوستانہ میچ میں جرمنی سے دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہے۔ اگلے ورلڈ کپ کا میزبان ملک بھی برازیل ہے۔ یہ ورلڈ کپ سن 2014میں کھیلا جائے گا۔

فٹ بال کی ورلڈ رینکنگ میں اٹلی ساتویں، پرتگال آٹھویں، ارجنٹائن نویں اور کروشیا دسویں نمبر پر ہے۔ فیفا کے رکن ملکوں کی تعداد 203 ہے۔ ان ملکوں میں کئی انتہائی چھوٹے جزائر بھی شامل ہیں۔

نئی عالمی رینکنگ میں مسلم ممالک میں سے ترکی سب سے آگے ہے۔ اس کی پوزیشن چوبیسویں ہے۔ جنوبی ایشیا میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت اور پاکستان کے مقابلے میں بہتر پوزیشن پر ہے۔ بنگلہ دیش عالمی درجہ بندی میں 139 ویں مقام پر ہے جبکہ بھارت کی پوزیشن 158 ویں اور پاکستان کی 92 ویں ہے۔

فیفا کی جانب سے فٹ بال کی اگلی عالمی رینکنگ اب اکیس ستمبر کو جاری کی جائے گی۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں