فٹ بال عالمی کپ: جرمنی تیسری پوزیشن پر
11 جولائی 2010جرمنی اور یورو گوائے کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ خاصا جاندار رہا۔ انیسویں منٹ میں جرمنی کے معروف کھلاڑی میولر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی لیکن جرمن کھلاڑی اس گول کے بعد مزید مناسب جارحانہ اور بہتر دفاعی کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکا اور دس ہی منٹ بعد یورو گوائے کے ایڈنسن کاوانی نے میچ کو برابر کردیا۔ وقفے تک ایک ایک گول سے میچ برابر رہا۔ جرمن کھلاڑی میولر کا یہ ورلڈ کپ میں پانچواں گول تھا۔ انہیں دو زرد کارڈ ملے تھے جس کی وجہ سے اُن پر ایک میچ میں کھیلنے پر پابندی عائد تھی اور وہ سیمی فائنل میچ میں سپین کے خلاف اپنے ملک جرمنی کی نمائندگی کرنے سے محروم رہے تھے۔
دوسرے ہاف کے شروع ہی میں یورو گوائے کی ٹیم گول کرنے کا یقینی موقع ضائع کر بیٹھی، اس چانس میں جرمن گول کیپر گول پوسٹ میں موجود نہیں تھا لیکن یورو گوائے کھلاڑی کی کِک باہر چلی گئی۔ یوروگوائے کے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رہا اور دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ پر فلوریان نے دوسرا گول کردیا۔ ورلڈ کپ میں فلوریان کا یہ پانچواں گول تھا۔ جرمن گول کیپر Hans-Joerg Butt نے گیند روکنے کی زحمت بھی نہیں کی۔
یوروگوائے کی سبقت کے چار منٹ بعد ہی جرمن کھلاڑی مارسل ژینزن نے گول کر کے یورو گوائے کی برتری کو برابر کردیا۔ اس گول کے دو منٹ بعد ترک نژاد جرمن کھلاڑی اُوزل نے گول کرنے کا ایک یقینی موقع ضائع کیا۔ میچ کے مقررہ وقت سے نو منٹ قبل جرمن ٹیم کے تیونسی نژاد کھلاڑی سامی خضیرا نے گول کر کے جرمن ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ بقیہ نو منٹ جرمن ٹیم اس گول کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔ یوروگوائے کے فلوریان نے میچ کے آخری لمحات میں بظاہر گول برابر کرنے کی کوشش کی تھی مگر ان کی کِک گول پوسٹ کی اوپری حصے سے لگتی ہوئی باہر چلی گئی۔
تیسری پوزیشن کے میچ کے دوران موسلا دھار بارش کا بھی کھلاڑیوں کو سامنا رہا۔ بھاری آؤٹ فیلڈ کے باوجود دونوں ٹیموں کے کھیل میں خاصا زور تھا۔ جرمنی فیفا ورلڈ کپ میں اس سے پہلے بھی چار بار تیسری پوزیشن کے میچ میں شریک ہو چکا ہے۔ سن 1958 ء میں اس کو تیسری پوزیشن کے حصول میں ناکامی ہوئی تھی۔ سابقہ ورلڈ کپ میں بھی جرمنی کی تیسری پوزیشن تھی تب اس نے پرتگال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔
پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے جانے والے تیسری پوزیشن کے میچ کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر جرمن ٹیم کو کانسی کے تمغے سے نوازا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما تھے۔ نئے جرمن صدر کرسٹیان وولف بھی میچ دیکھنے جنوبی افریقی شہر پورٹ ایلزبتھ گئے ہوئے تھے۔
فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ آج اتوار کو ہالینڈ اور سپین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہسپانوی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ دوسری جانب ہالینڈ کی ٹیم دو مرتبہ فائنل تک کوالیفائی کرنے میں کامیاب ضرور ہوئی لیکن سن 1974 ء میں اسے اس وقت کی مغربی جرمنی کی ٹیم سے ہارنا پڑا تھا اور سن 1978 ء میں ڈچ ٹیم کو ارجنٹائن کی ٹیم سے شکست ہوئی تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ