1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال ورلڈ کپ، اربوں ڈالر کا کاروبار

Dirk Kaufmann / امجد علی11 جون 2014

بدھ کو شہر ساؤ پاؤلو میں میزبان برازیل اور کروشیا کے مابین میچ سے ورلڈ کپ کا آغاز ہو رہا ہے۔ برازیل نے اقتصادی ڈھانچے کی تعمیر پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں لیکن اربوں ڈالر کی آمدنی فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کو حاصل ہو گی۔

ورلڈ کپ کے میزبان ملک کی خاتون صدر دلما روسیف اس عالمی ٹورنامنٹ کے سنہری کپ کے ساتھ، جس کے حصول کے لیے 32 ٹیمیں میدان میں ہیں
ورلڈ کپ کے میزبان ملک کی خاتون صدر دلما روسیف اس عالمی ٹورنامنٹ کے سنہری کپ کے ساتھ، جس کے حصول کے لیے 32 ٹیمیں میدان میں ہیںتصویر: imago/Xinhua

جرمن شہر ہیمبرگ میں قائم اقتصادی تحقیق کے ادارے HWWI سے وابستہ ہیننگ فوئپل نے دستیاب اعداد و شمار کی مدد سے حساب لگایا ہے کہ برازیل نے اسٹیڈیمز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں میں بھی دَس ارب یورو تک کی رقم خرچ کی ہے، جو آگے چل کر اِس ملک کی ترقی میں بہت کام آئے گی۔

جرمن شہر ہیمبرگ میں قائم اقتصادی تحقیق کے ادارے HWWI کے ہیننگ فوئپلتصویر: HWWI

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کو کیا ملے گا، اس حوالے سے ہیننگ فوئپل کہتے ہیں:’’اندازہ ہے کہ فیفا کو تقریباً 3.5 ارب یورو کی آمدنی ہو گی۔ اس میں سے تقریباً دو ارب یورو ٹیلی وژن کے حقوق کی فروخت سے جبکہ باقی مارکیٹنگ سے حاصل ہوں گے۔‘‘

کائی شِلّر شمالی انگلینڈ کی ڈرہم یونیورسٹی سے وابستہ مؤرخ ہیں، جو فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلوں کے موضوع پر ایک کتاب کے مصنف بھی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ فیفا اپنی آمدنی فوراً ہی آگے تقسیم کر دیتی ہے:’’فیفا اس آمدنی میں سے صرف دَس فیصد اپنے پاس رکھتی ہے جبکہ نوّے فیصد رقم فیفا کی رکن تنظیموں کو منتقل کر دی جاتی ہے۔‘‘

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کو تقریباً دو ارب یورو تو صرف ٹیلی وژن کے حقوق کی فروخت سے ہی حاصل ہو جائیں گےتصویر: picture-alliance/dpa

شِلّر کہتے ہیں کہ رقوم کی یہ تقسیم طَے شُدہ اصولوں کے مطابق ہوتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ پیسہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں اُن کی کارکردگی کے اعتبار سے تقسیم کیا جاتا ہے اور ساتھ ساتھ اُن ٹیموں کو بھی ملتا ہے، جنہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی ہوتی ہے۔

اگر فیفا نے برازیل میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ سے حاصل شُدہ متوقع آمدنی میں سے دَس فیصد بھی اپنے پاس رکھا تو یہ رقم اندازاً 350 ملین یورو بنے گی۔ یہ عالمی تنظیم اس رقم کو ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ پندرہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد پر خرچ کرتی ہے۔

عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ ورلڈ کپ کے مقابلوں کےکاروباری بنیادوں پر انعقاد کے پیچھے فیفا کے موجودہ صدر جوزیف بلاٹر کا ہاتھ ہے تاہم شِلر کہتے ہیں کہ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے بلاٹر نے دراصل اُسی پالیسی کو آگے بڑھایا، جس کی بنیاد اُن کے برازیل سے تعلق رکھنے والے پیشرو شوآؤ آویلانشی نے رکھی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں