1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: یورو کوالیفائنگ میں ’حیرت انگیز نتائج‘

ندیم گِل16 نومبر 2014

یورو 2016ء فٹ بال کے تازہ کوالیفائنگ میچوں میں انگلینڈ، اسپین، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ نے کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ یورپ کی کچھ چھوٹی ٹیمیں بھی حیرت انگیز نتائج کے حصول میں کامیاب رہی ہیں۔

تصویر: Reuters/Plunkett

گروپ ای میں ہفتے کو انگلینڈ کا مقابلہ سلووینیہ سے ہوا۔ یہ میچ لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ انگلینڈ نے مہمان ٹیم کو اس میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ انگلینڈ کے لیے اس گروپ میں یہ چوتھا مقابلہ تھا اور وہ سبھی میں فاتح رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انگلش کھلاڑی وین رونی نے بعد ازاں کہا: ’’آخر میں یہ ایک اچھا دن ثابت ہوا۔ ہم نے ایک جذبے کا مظاہرہ کیا اور وہ ٹیم میں ہمارے لیے بہتر رہا۔‘‘

انگلینڈ اب آئندہ منگل کو گلاسگو میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلے گا۔ ادھر اسپین نے گروپ سی کے ایک میچ میں بیلاروس کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے مات دے دی ہے۔ اسپین کی ٹیم اب جرمنی کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلے گی۔

جمعے کو ایک میچ میں جرمنی نے جبرالٹر کو شکست دی تھیتصویر: Getty Images/P. Kneffel

دوسری جانب یورپ کی قدرے چھوٹی ٹیموں نے بعض حیرت انگیز نتائج دکھائے ہیں۔ ابھی جمعے کو ایسی ہی ایک ٹیم، جزائر فیرو نے یونان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی تھی۔ اب سان مارینو اور لشٹن شٹائن نے بھی یورو کوالیفائنگ مقابلوں میں سب کو حیران کر دیا ہے۔

سان مارینو عالمی رینکنگ میں 208 ویں نمبر پر ہے۔ گروپ ای میں اس کا سامنا ایسٹونیا سے تھا۔ یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا جو سان مارینو کے لیے کسی فتح سے کم نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس سے پہلے یہ ٹیم مسلسل اکسٹھ بین الاقوامی مقابلوں میں شکست کا سامنا کر چکی ہے اور اب ایک طویل انتظار کے بعد یہ شکست سے بچنے میں کامیاب رہی ہے۔

اس ٹیم کے کوچ پیئرینگیلو مینزارولی کا کہنا ہے کہ یہ نتیجہ کھلاڑیوں کے لیے ایک انعام ہے اور یہ آئندہ کے مقابلوں میں اچھے نتائج کی وجہ بنے گا۔

لشٹن شٹائن نے تو اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ گروپ جی کے ایک میچ میں اس نے مالدووا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ لشٹن شٹائن کی ٹیم نے جون 2011ء کے بعد سے کوئی ٹکر کا مقابلہ نہیں جیتا تھا جبکہ گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے سے اس ٹیم نے ملک سے باہر کسی کوالیفائنگ مقابلے میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔

اسی گروپ میں آسٹریا نے روس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ ادھر یوکرائن نے گروپ سی کے ایک مقابلے میں لکسمبرگ کو تین صفر سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی ہے۔ اس گروپ میں سوئٹزرلینڈ نے لیتھوانیا کو چار صفر سے مات دی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں