1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: یورو کوالیفائنگ میں ہالینڈ کی شاندار فتح

ندیم گِل17 نومبر 2014

ہالینڈ نے فٹ بال کے یورو کوالیفائنگ مرحلے کے ایک میچ میں لیٹویا کو چھ صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ بنانے کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔ ہالینڈ کو آگے بڑھنے کے لیے اس جیت کی بڑی حد تک ضرورت تھی۔

تصویر: AFP/Getty Images/E. Dunand

یورو کوالیفائنگ مقابلوں کے لیے بنائے گئے گروپ اے میں ہالینڈ اور لیٹویا کا سامنا اتوار کو ہوا جس میں ہالینڈ نے بڑے فرق سے فتح حاصل کی۔ اس کے کھلاڑیوں نے لیٹویا کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی جو ایک بھی گول کرنے سے محروم رہی جبکہ ہالینڈ نے اس کے خلاف چھ گول کر ڈالے۔

ہالینڈ کو اب تک چار مقابلوں کے نتیجےمیں چھ پوائنٹس مل چکے ہیں اور یہ چیک جمہوریہ سے چھ ہی پوائنٹس پیچھے ہے جس نے آئس لینڈ کے خلاف فتح کے نتیجے میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنائی ہے۔

اس نتیجے نے ہالینڈ کی ٹیم اور اس کے کوچ خیُوش ہِڈِنک کو کافی سہارا دیا ہے۔ حالیہ میچوں میں خراب کارکردگی کے باعث ہِڈِنک نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی ٹیم کو لیٹویا سے شکست کھانا پڑی تو وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔

اٹلی کی ٹیم ناروے کو بھی شکست دے چکی ہےتصویر: Getty Images

اتوار کے میچ کے بعد ہِڈِنک نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک ایسا ماحول پیدا ہو چکا تھا جس میں ہر کوئی اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا: ’’سب سے بڑی بات یہ تھی کہ ہم نے ایک اہم میچ میں اچھا کھیل پیش کیا۔‘‘

اسی سلسلے کے دیگر مقابلوں میں اٹلی اور کروشیا کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا ہے۔ چیک جمہوریہ نے آئس لینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی ہے۔ آئس لینڈ کو اس سے پہلے تین مقابلوں میں مسلسل فتح ہوئی تھی تاہم اتوار کو چیک کھلاڑی اس کے سامنے دیوار بن گئے اور انہوں نے اس کی جیت کا سلسلہ توڑ ڈالا۔

اسرائیل نے بوسنیا ہیرسےگووینا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپنے گروپ میں سرفہرست پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ترکی نے قزاقستان کو تین ایک سے ہرا دیا۔

گروپ ایچ پر مسلسل کروشیا کا غلبہ ہے جسے دس پوائنٹس حاصل ہیں۔ اسی گروپ میں ناروے نے آذربائیجان کو ایک صفر سے شکست دی ہے جبکہ بلغاریہ اور مالٹا کے درمیان میچ ایک ایک گول سے بے نتیجہ رہا۔ قبرص نے انڈورا کو پانچ صفر سے ہرایا ہے۔ یورو کوالیفائنگ کے اگلے مرحلے کے میچ آئندہ برس ستائیس سے اکتیس مارچ تک کھیلے جائیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں