فیصلے کا وقت آن پہنچا: سپریم کورٹ کے ارد گرد حفاظتی حصار
20 اپریل 2017پاکستان بھر کے لوگوں کی نظریں آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر لگی ہوئی ہیں جبکہ کسی بھی ممکنہ حملے یا ہنگامے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی الرٹ رکھی گئی ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی راستوں پر بھی سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کی طرف جانے والی اہم شاہراہوں پر لاٹھی بردار پولیس اہلکار بھی کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پانامہ لیکس کے حوالے سے سامنے آنے والے اس عدالتی فیصلے کی وجہ سے ملکی وزیراعظم نواز شریف کو اقتدار سے بے دخل بھی ہونا پر سکتا ہے۔
یہ کیس گزشتہ ایک سال سے پاکستانی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور آج بھی پاکستان کا پورا میڈیا اسی کیس کو موضوع بنائے ہوئے ہے۔ بہت سے مقامی تجزیہ کاروں کے مطابق لازمی نہیں کہ فیصلہ ویسا ہی آئے، جیسا اپوزیشن توقع کر رہی ہے۔
اگر وزیراعظم کو اپنا عہدہ چھوڑنے کے لیے کہا جاتا ہے تو مسلم لیگ نون اپنی ہی پارٹی کے اندر سے ایک نیا وزیراعظم سامنے لا سکتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت پر نئے انتخابات کروانے کے لیے بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔