1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: دفاعی چیمپئن اسپین ٹورنامنٹ سے باہر

عاطف بلوچ19 جون 2014

فیفا ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں چلی نے دفاعی چیمپئن اسپین کو صفر دو سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ ہسپانوی فٹ بال ٹیم کے گروپ اسٹیج میں ہی باہر ہو جانے کو ایک اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ چھ سالوں سے فٹ بال کی دنیا میں راج کرنے والی ہسپانوی ٹیم بدھ کے دن ریو ڈی جنیرو میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں لاطینی امریکی ملک چلی سے بری طرح شکست سے دوچار ہوئی۔ اگرچہ اس میچ میں اسپین کے کھلاڑیوں نے کئی حملے کیے تاہم کوئی بھی موقع گول میں تبدیل نہ ہو سکا۔

پہلے دو میچوں میں ہی ناکامی کے بعد دفاعی چیمپئن اسپین کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے۔ پہلے میچ میں ہالینڈ نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی تھی۔ قبل ازیں ورلڈ کپ مقابلوں میں چار مرتبہ ایسا ہوا ہے دفاعی چیمپئن گروپ اسٹیج میں ہی باہر ہو گئی ہو جبکہ اسپین اس طرح کی پانچویں مثال بن گیا ہے۔

تصویر: Lluis Gene/AFP/Getty Images

ہسپانوی کوچ بوسکے نے چلی کے خلاف اپنے انتہائی اہم میچ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے بہترین دفاعی کھلاڑی پیکے اور اہم مڈ فیلڈر شاوی کو بینچ پر بٹھا دیا تھا۔ تاہم ان کوششوں کے باوجود 2008ء اور 2012ء میں یورپی چیمپئن شپ میں فاتح قرار پانے والی ہسپانوی ٹیم چلی کے خلاف کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

کھیل کے 22 ویں منٹ میں چلی کے کھلاڑی ورگاس نے ہسپانوی کپتان اور گول کیپر ایکر کاسی آس کو چکما دیتے ہوئے پہلا گول کیا جبکہ 43 ویں منٹ میں چارلس آرناگوئز نے اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول کرتے ہوئے اسپین کے تمام خوابوں کو چکنا چور کر دیا۔ ناقدین کے بقول باسکے برازیل میں منعقد کیے جا رہے اس ٹورنامنٹ میں اگرچہ وہی ٹیم لائے، جو اسپین کے لیے کامیابیاں سمیٹ چکی ہے لیکن اس مرتبہ اس ٹیم میں زیادہ تر کھلاڑی قدرے زیادہ عمر کے تھے، جن میں ولولہ اور جوش نظر نہیں آیا۔

یہ امر اہم ہے کہ اسپین کی ٹیم گزشتہ برس کنفیڈریشن کپ میں برازیل سے ہار گئی تھی جبکہ ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں بھی برازیلی ٹیم نے اسپین کو مات دے دی تھی۔

پسپانوی ٹیم 23 جون کو اپنا آخری گروپ میچ آسٹریلیا کے ساتھ کھیلے گی، اگر وہ یہ میچ جیت بھی جاتی ہے تو وہ گروپ اسٹیج سے آگے نہیں جا سکے گی۔

بدھ کے دن گروپ بی ہی کے ایک میچ میں ہالینڈ نے آسٹریلیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ان میچوں کے بعد یہ آسانی سے کہا جا سکتا ہے کہ گروپ بی میں سے پری کواٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں میں ہالینڈ اور چلی ہی ہوں گی۔

بدھ کے دن ہی گروپ اے کے ایک میچ میں کروشیا نے کیمرون کو صفر چار سے مات دے کر ٹورنامنٹ سے باہر دیا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں