1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: عالمی چیمپیئن اسپین پانچ گول سے ہار گیا

عابد حسین14 جون 2014

برازیل میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے دن خاصا بڑا اپ سیٹ دیکھا گیا۔ دفاعی چیمپیئن اسپین کو ہالینڈ کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ میکسیکو نے کیمرون اور چلی نے آسٹریلیا کو ہرایا۔

تصویر: Reuters

جمعے کے دن فٹ بال ورلڈ کپ میں تین میچ کھیلے گئے۔ ایک میچ گروپ اے سے تھا جو میکسیکو اور افریقی ملک کیمرون کے درمیان ہوا۔ گروپ بی سے دفاعی چیمپیئن اسپین اور ہالینڈ کے میچ کے علاوہ چلی اور آسٹریلیا کے درمیان بھی میچ کھیلا گیا۔ کل جمعے کے دن فٹ بال کی تاریخ میں کسی بھی دفاعی عالمی چیمپیئن کو ورلڈ کپ کے دوران سب سے بڑی شکست کا سامنا رہا۔ تقریباً 60 برس قبل سن 1954 میں جرمنی کو فرانس کے ہاتھوں تین کے مقابلے میں چھ گول سے ہارنا پڑا تھا۔ اِس طرح سب سے زیادہ گول سے شکست کا داغ اب اسپین کی قومی ٹیم کے دامن پر لگ گیا ہے۔ جرمنی کو فرانس سے تین گول کے فرق سے ہارنا پڑا تھا جبکہ اسپین کی ہار کا فرق چار گول کا ہے۔

ہسپانوی ٹیم کے گول کیپر اور کپتان ایکر کاسییاستصویر: Javier Soriano/AFP/Getty Images

برازیل کے شمالی شہر سلواڈور کے اسٹیڈیم میں ہالینڈ کے کھلاڑیوں روبن فان پَرسی اور ارژن روبین نے دو دو گول کر کے اسپین کی ٹیم کے حوصلے پست کر دیے۔ ہالینڈ کی جانب سے پانچواں گول اسٹیفان ڈی فرائی نے کیا۔ اس میچ میں اسپین کی ٹیم کی ہار کو عالمی شہرت کے گول کیپر اور کپتان ایکر کاسییاس کے لیے بھی بہت بڑی ہزیمت خیال کیا جا رہا ہے۔

میچ کے دوران ہسپانوی کھلاڑیوں نے گیند پر ڈچ کھلاڑیوں کی نسبت زیادہ دیر قبضہ رکھا لیکن زیادہ گول ہالینڈ نے کیے۔ وقفے پر میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ اسپین کی جانب سے الانسو نے پنالٹی کک پر گول کیا۔ ایک گول تو ہسپانوی گول کیپر کاسیاس کے قدموں سے روبن فان پَرسی نے گیند چھین کر کیا۔

چلی اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا منظرتصویر: Getty Images

برازیل کے ایک اور تاریخی شہر کوئیابا میں گروپ بی کا ایک اور میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ چلی اور آسٹریلیا کے درمیان تھا۔ چلی کی ٹیم نے پہلے ہاف کے چھٹے منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ گیارہویں منٹ میں پہلا گول الیکسِس سانچیز نے کیا اور اِس کے کچھ ہی دیر بعد خوہے والدیویا (Jorge Valdivia) نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کر دیا۔ پہلے ہاف کے پینتیسویں منٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی ٹِم کیہِل نے گول کر کے چلی کی ٹیم کی برتری کو نصف کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں چلی نے تیسرا گول کر دیا۔ تیرہ جون کو گروپ اے کا بھی ایک میچ کھیلا گیا اور اِس میچ میں میکسیکو نے کیمرون کی ٹیم کو ایک گول سے ہرا دیا۔ یہ گول میکسیکو کے فارورڈ اوریبے پیرلٹا نے دوسرے ہاف میں کیا تھا۔

آج چودہ جون بروز ہفتہ کُل چار میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں دو گروپ سی اور دو گروپ ڈی کے میچ ہیں۔ ہفتے کے روز پہلا میح کولمبیا اور یونان کی ٹیموں کے درمیان بیلو ری زونچ (Belo Horizonte) شہر میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ گروپ ڈی کی ٹیموں یوراگوئے اور کوسٹا ریکا کے درمیان ہو گا اور یہ فورٹالیزا (Fortaleza) کے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہفتے کے روز تیسرا میچ گروپ ڈی سے ہو گا اور یہ ماناؤس شہر میں رکھا گیا ہے۔ ماناؤس میں انگلینڈ اور اٹلی کی ٹمیں بھی آج مدِ مقابل ہوں گی۔ رسیفی شہر میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں آئیوری کوسٹ اور جاپان کی ٹیمیں کھیلیں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں