فیفا ورلڈ کپ میں حتمی مقابلوں کی تیاریاں
5 جولائی 2010پہلے سیمی فائنل کی حریف ٹیموں میں سے ہالینڈ فٹ بال کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے جبکہ یوروگوائے سولہویں نمبر پر ہے۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو ہالینڈ کو فیورٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔ تاہم یوروگوائے کی ٹیم کی کارکردگی بھی خاصی متاثر کن رہی ہے۔
یوروگوائے کی ٹیم سیمی فائنل میں اپنے پھرتیلے مڈ فیلڈر نکولاس لوڈائیرو سے محروم رہے گی، جن کی ٹانگ کی ایک ہڈی فریکچر ہو گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میں ہاتھ سے گول روکنے کو کوشش کے مرتکب اور اپنی ٹیم کی جیت میں مجموعی طور پر اہم کردار ادا کرنے والے فارورڈ کھلاڑی لوئس سوآریش بھی یہ سیمی فائنل بس میدان سے باہر بیٹھ کر ہی دیکھیں گے۔ہالینڈ کی ٹیم کو بھی کچھ اسی قسم کے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے دفاعی کھلاڑی گریگوری فان ڈیر ویئیل اور مڈ فیلڈر نائجل ڈی یونگ سیمی فائنل کے لئے معطل ہو چکے ہیں۔ ہالینڈ کی ٹیم البتہ اس حوالے سے خاصی پر اعتماد ہے کہ اس نے اس عالمی کپ میں اب تک نہ صرف اپنے تمام مقابلے جیتے ہیں بلکہ برازیل جیسی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں شکست بھی دی ہے۔
ڈچ کوچ بیرٹ فان ماروک نے اپنی کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ شائقین کی جانب سے وابستہ توقعات پر دھیان نہ دیں اور کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں۔ ماروک کے بقول اگر یہ میچ ہالینڈ یا یورپ کے کسی اور ملک میں ہو رہا ہوتا تو ان کی ٹیم زیادہ دباؤ میں ہوتی۔
سیمی فائنل مرحلے کا دوسرا مقابلہ یورپی چیمپیئن سپین اور ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم جرمنی کے دمیان بدھ کو ہوگا۔ سپین نے 2008ء کے یورو کپ میں جرمنی کو ہی شکست دی تھی۔ جرمن ٹیم البتہ ارجنٹائن کو ہرا کر پراعتماد ہے اور اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
میرا ڈونا کی ٹیم کے خلاف چار صفر کی جیت کا جرمنی بھر میں جشن منایا گیا۔ ماضی کے مایہ ناز جرمن کھلاڑی فرانس بیکن باؤر کے بقول جرمن ٹیم ’پرفیکٹ‘ ہے۔ بیکن باؤر کے بقول انہوں نے اس سے قبل جرمن ٹیم کی جانب سے اتنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ 1970ء میں یا پھر 1990ء دیکھا تھا۔جرمن ٹیم کو اس میچ میں اپنے سٹرائیکر میروسلاو کلوزے جبکہ سپین کو تجربہ کار فاروڈ کھلاڑی فیرنانڈو ٹوریز سے بہت امیدیں ہیں۔ کلوزے عالمی مقابلوں میں چودہ گول کر چکے ہیں اور وہ برازیل کے سٹار رونالڈو کا ورلڈ کپ مقابلوں میں 15 گولوں کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹ : شادی خان سیف ادارت : مقبول ملک