فیفا ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز
2 جولائی 2010جنوبی افریقہ کی میزبانی میں کھیلے جانے والے انیسویں فٹ بال ورلڈ کپ کے چار میں سے دو کوارٹر فائنل میچ بروز جمعہ کھیلے جا رہے ہیں۔ یہ میچ پورٹ ایلزبیھ اور جوہانسبرگ کے شہروں میں منعقد کئے جا رہے ہیں۔
پورٹ ایلزبیھ کے نیلسن مینڈیلا سٹیڈیم میں برازیل اور ہالینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ برازیل پانچ مرتبہ کی ورلڈ چیمپیئن ٹیم ہے۔ آج کے میچ میں سابقہ عالمی چیمپیئن کویورپی ملک ہالینڈ کی انتہائی سخت اور مضبوط ٹیم کا سامنا ہے۔ کچھ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس سیمی فائنل کا نتیجہ امکانی طور پر پینلٹی ککس پر ہو سکتا ہے۔ ان کے خیال میں برازیل اور پرتگال کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا اور چونکہ یورپی ٹیموں کا انداز ایک طرح کا ہوتا ہے، اس لیے ہالینڈ کی ٹیم گول کرنے سے زیادہ دفاع پر توجہ مرکوز کر سکتی ہے۔ اس کوارٹر فائنل میچ میں برازیل کی ٹیم ایک بار پھر گیند کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کرے گی۔ اس مناسبت سے کوارٹر فائنل میچ میں ایک گول کی برتری بھی برابر کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
ہالینڈ کی ٹیم کو خاصا متوازن خیال کیا جاتا ہے۔ اس کے دفاعی اور فارورڈ کھلاڑی تال میل کے ساتھ کھیلتے ہیں اور کسی بھی ٹیم کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ برازیل کی ٹیم کے کوچ ڈونگا کو یقینی طور پر اپنے مشہور کھلاڑی کاکا کو دوران میچ زرد کارڈ دکھائے جانے پر پریشانی ہو سکتی ہے۔ ایک اور زرد کارڈ سے مراد یہ کہ برازیلی ٹیم کا قلب تصور کئے جانے والے کاکا اگلے میچ سے یقینی طور پر باہر ہوں گے۔ اگر برازیل کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچتی ہے تو کاکا کی عدم موجودگی ایک بڑی کمی ہو گی۔ لیکن یہ سب برازیل کی جیت اور ہالینڈ کے خلاف کاکا کےکھیل پر مبنی ہے۔
جمعہ کو دوسرا کوارٹر فائنل میچ یوروگوائے اور افریقی ملک گھانا کے درمیان ہو گا۔ اگر افریقی ملک گھانا کی ٹیم کامیاب ہوتی ہے تو یہ ایک تاریخی کامیابی ہو گی اور پہلی بار کوئی افریقی ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو گی۔ یوروگوائے کی ٹیم جیتنے کی صورت میں برسوں کے بعد سیمی فائنل میچ کھیلے گی۔ یہ میچ شاید اتناکانٹے دار نہ ہو جتنا کہ برازیل اور ہالینڈ کا ہو سکتا ہے۔ گھانا کی ٹیم کے مقابلے میں یوروگوائے کے فارورڈ اور دفاعی کھلاڑی بہتر کھیل پیش کر رہے ہیں۔ گھانا کے دو اہم کھلاڑی کوارٹر فائنل میچ کھیلنے سے قاصر ہیں۔ ان میں ایک Dede Ayew اور دوسرے Jonathan Mensah ہیں، دونوں کو دو دو زرد کارڈ دکھائے جا چکے ہیں۔
گھانا براعظم افریقہ کی تیسری ٹیم ہے جس کو کوارٹر فائنل کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ سن 1990ء میں کیمرون اور سن 2002 ء میں سینیگال نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ مبصرین کے نزدیک سابقہ کھیل کی طرح اگر جنوبی امریکی ملک کی ٹیم نے کھیل پیش کیا تو وہ میچ جیت سکتی ہے۔ یہ میچ جوہانسبرگ کے ساکرسٹی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہی میدان فائنل میچ کا میزبان ہو گا۔
بقیہ دو کوارٹر فائنل تین جولائی بروز ہفتے کو کھیلے جائیں گے۔ ان میں ایک میچ جرمنی اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان ہے جو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ جب کہ چوتھا اور آخری کواٹر فائنل میچ پیراگوائے اور سپین کی ٹیمیں جوہانسبرگ کے ایلیز پارک میں کھیلیں گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ