فیفا ویمن ورلڈ کپ
6 جون 2011سن 2007 میں جرمنی نے خواتین فٹ بال کے ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے حق میزبانی حاصل کرنے کا جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن کے فیصلے کی خاتون جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھرپور تائید کی تھی۔ سن 2007 میں فیفا کے صدر دفتر واقع زیورش میں جرمنی نے ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کے حقوق حاصل کیے۔ چار سال بعد سن 2015 میں ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کینیڈا کو تفویض کی جا چکی ہے۔
اب سے تقریباً تین ہفتوں کے بعد جرمنی میں کھیلے جانے والےخواتین فٹ بال کے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب جرمن دارالحکومت برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ اگلے مہینے کی سترہ تاریخ کو کھیلا جانے والا فائنل میچ فرینکفرٹ شہر میں شیڈیول ہے۔ ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ آؤگس برگ، بوخم، برلن، ڈریزڈن، لیورکوزن، فرینکفرٹ، مؤنشن گلاڈ باخ، زن شائم (Sinscheim)، اور وولفس برگ شہروں کے خوبصورت میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔
جرمنی میں کھیلے جانے والے ویمن ورلڈ کپ کے آخری مرحلے کے لیے سولہ ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈز سے ہوتی ہوئی پہنچی ہیں۔ دفاعی چیمپیئن کے علاوہ میزبان ملک کے طور پر جرمنی اس ٹورنامنٹ کے لیے میزبانی کا حق ملنے کے ساتھ ہی کوالیفائی کر گیا تھا۔ ان سولہ ٹیمیوں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں چار چار ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔
گروپ اے میں میزبان ملک جرمنی کے علاوہ کینیڈا، نائجیریا اور فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ بی میں قرعہ اندازی کے ذریعے انگلینڈ کے ساتھ جاپان، نیوزی لینڈ اور میکسیکو کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ سی میں امریکہ، جنوبی کوریا، کولمبیا اور سویڈن کی ٹیمیں ابتدائی راؤنڈ کے میچ کھیلیں گی۔ چوتھے اورآخری گروپ ڈی میں برازیل، آسٹریلیا، ناروے اور ایکواٹورئیل گنی کی ٹیمیں ہیں۔
ہر گروپ سے چوٹی دو ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے میچ کھیلیں گی۔ ناک آؤٹ اسٹیج کا یہ مرحلہ نو اور دس جولائی کو مکمل کیا جا ئے گا۔ پروگرام کے مطابق تیرہ جولائی کے روز دونوں سیمی فائنل میچ ہوں گے۔ یہ میچ فرینکفرٹ اور مؤنشن گلاڈباخ میں کھیلے جائیں گے۔
خواتین ورلڈ کپ کا آغاز سن 1995 میں کیا گیا تھا۔ پہلے ورلڈ کپ کی میزبانی چین کو حاصل ہوئی تھی۔ پہلا ویمن ورلڈ کپ امریکہ نے جیتا تھا۔ سن 2003 اور 2007 کے عالمی فٹ بال مقابلوں کی فاتح جرمن خواتین کی ٹیم تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ