1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیڈرر آؤٹ: آسٹریلین اوپن کا سب سے بڑا اَپ سیٹ

عابد حسین23 جنوری 2015

ٹینس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کی تیسرے راؤنڈ میں ہونے والی شکست کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اَپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تصویر: Reuters/J. French

سن 2001 کے بعد راجر فیڈرر پہلی مرتبہ تیسرے راؤنڈ میں ٹورنامنٹ میں شکست کھانے کے بعد باہر ہوئے ہیں۔ یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ آج جمعے کے روز میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لیں گے، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ انہیں اٹلی سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر 46 آندریاز سیپی نے ہرایا۔ سیپی کے مقابلے میں اِس وقت فیڈرر کی عالمی پوزیشن دوسری ہے۔ سن 2001 میں بھی فیڈرر کو تیسرے راؤنڈ میں اپنے ہم وطن کھلاڑی ارنو کلیماں (Arnaud Clément) سے ہارنا پڑا تھا۔ بعد میں کلیماں کو فائنل میچ میں امریکا کے آندرے اگاسی نے ہرایا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا آندریاز سیپی بھی فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔

فیڈرر اور سیپی کے درمیان جمعے کے میچ سے قبل دس میچ کھیلے گئے تھے اور سب میں فیڈرر ہی کامیاب ہوئے تھے۔ راجر فیڈرر اب تک سترہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ تیسرے راؤنڈ کا میچ جیتنے کے بعد اطالوی کھلاڑی سیپی نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے بہترین مقابلوں میں سے ایک تھا اور پہلا سیٹ جینے کے بعد ہی اُنہوں نے میچ جیتنے کی کوشش شروع کر دی تھی۔ اُنہیں لگ رہا تھا کہ یہ میچ جیتا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف شکست کھانے پر فیڈرر نے کہا کہ وہ سپیی کے شاندار کھیل کی وجہ سےاپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔

راجر فیڈرر تیسرے راؤنڈ کا میچ کھیلتے ہوئےتصویر: Manan Vatsyayana/AFP/Getty Images

تیسرے راؤنڈ کے اِس میچ میں یہ بات واضح طور پر محسوس کی گئی کہ راجر فیڈرر پوری طرح کھیل پر توجہ نہیں دے رہے تھے۔ پچھلے میچ میں وہ دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی کے درد میں مبتلا تھے۔ سیپی نے بھی فیڈرر کے آف کلر ہونے کا پورا فائدہ اٹھایا اور بڑھ چڑھ کر کھیلنا شروع کر دیا۔ دیکھتے دیکھتے فیڈرر میچ کے پہلے دو سیٹ ہار گئے حالانکہ دوسرے سیٹ میں فیڈرر نے جیتنے کی بھرپور کوشش کی تھی لیکن ٹائی بریک پر وہ ہار گئے۔ یہ میچ میلبورن پارک کے راڈ لیور ایرینا میں کھیلا گیا۔ فیڈرر نے تیسرے سیٹ میں ہمت دکھائی اور وہ یہ سیٹ جیت بھی گئے لیکن چوتھا سیٹ فیصلہ کُن ثابت ہوا۔ فیڈرر نے کوشش تو ضرور کی لیکن وہ اہم مواقع پر اپنی توجہ کھو جانے سے سیٹ بھی اور میچ بھی ہار گئے۔

آسٹریلین اوپن میں اب کھلاڑی پری کوارٹرفائنل مرحلے یا چوتھے راؤنڈ میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ خواتین کے مقابلوں میں ماریا شاراپووا نے قراقستان کی زارینا دیاس کو دو سیٹ کے میچ میں آسانی سے ہرا دیا۔ ماریا شاراپووا کو اب پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں چین کی پینگ شوائی کا سامنا ہے۔ آج جمعے کے روز کینیڈا کی یوجین بُوچارڈ، رومانیہ کی سیمونے ہیلپ اور روس کی ماکارووا بھی ویمن چیمپئن شپ کے حصول کے سلسلے میں چوتھے راؤنڈ میں داخل ہو گئیں۔ ماریا شاراپووا کا بلغارین بوائے فرینڈ گریگور دیمتروف بھی چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں