1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیڈل کاسترو پارٹی سربراہی سے مستعفٰی

19 اپریل 2011

فیڈل کاسترو نے منگل کو کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مستعفٰی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ساتھ ہی ان کی جماعت نے اقتصادی اصلاحات کے منصوبے کی منظوری بھی دی ہے۔

تصویر: AP

منگل کے روز کیوبا کے اخبار Cubadebate.cu portal میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں فیڈل کاسترو کا کہنا تھا، ’’میں نے راؤل کو بتا دیا ہے کہ میں پارٹی میں کوئی بھی رسمی عہدہ قبول نہیں کروں گا۔‘‘ گزشتہ روز کمیونسٹ پارٹی کی نئی سینٹرل کمیٹی کے الیکشن ہوئے تھے، جن میں وہ موجود نہیں تھے۔

فیڈل کاسترو نے یکم جنوری 1959سے لے کر فروری سن 2006 میں اپنی علالت تک کیوبا پر حکومت کی۔ پانچ سال قبل انہوں نے شدید بیماری کے باعث حکومت اپنے بھائی راؤل کاسترو کو سونپ دی تھی۔ سن 2008 کے انتخابات کے بعد فیڈل کاسترو کے بھائی راؤل کاسترو کیوبا کے باقاعدہ سربراہ بن گئے تھے۔ 84 سالہ علیل انقلابی لیڈر فیڈل کاسترو سن 1965سے لے کر اب تک کمیونسٹ جماعت کے سربراہ یا فرسٹ سیکریٹری تھے۔

راؤل کاسترو کا ہفتے کے روز کہنا تھا کہ وہ کسی بھی اعلیٰ قیادتی عہدے کو 10 سال تک محدود کرنے کی حمایت کریں گےتصویر: AP

شائع ہونے والے مضمون میں ان کا مزید کہنا تھا، ’’میں نے ہمیشہ راؤل کو ہی جماعت کے سربراہ اور فرسٹ سیکریٹری کے طور پر دیکھا ہے۔ وہ کبھی بھی اپنے خیالات مجھ تک پہنچانے میں ناکام نہیں رہا۔‘‘

فیڈل کاسترو کا یہ بیان پیر کے روز ہونے والی کمیونسٹ پارٹی کی چھٹی کانگریس کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس اجلاس میں کیوبا کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے نئی اصلاحات کے منصوبے بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔

ہوانا میں ہونے والے چار روزہ پارٹی اجلاس میں ملک بھر سے ایک ہزار نمائندوں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں 300 اقتصادی تجاویز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ایک نئی مرکزی کمیٹی کی قیادت کا انتخاب بھی کیا گیا۔ نئی متعارف کروائی گئی اصلاحات کے تحت نہ صرف ملک بھر میں 10 لاکھ سرکاری ملازمتوں کا خاتمہ کیا جائے گا بلکہ زراعت کے مرکزی نظام کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔ اصلاحات کا عمل کافی عرصے سے کیوبا میں جاری ہے اور اس اجلاس میں صرف ان کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔ راؤل کاسترو کو اب کسی بھی وقت باقاعدہ طور پر پارٹی کا فرسٹ سیکریٹری بنا دیا جائے گا۔ راؤل کاسترو کا ہفتے کے روز کہنا تھا کہ وہ کسی بھی اعلیٰ قیادتی عہدے کو 10 سال تک محدود کرنے کی حمایت کریں گے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں