1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیکٹ چیک: کیا کووڈ ویکسین لگوانے سے لوگ مر رہے ہیں؟

6 فروری 2021

کورونا کی وبا روکنے کے لیے دنیا بھر میں ویکسینيشن شروع ہے۔ سوشل میڈیا پر ویکسین کے خلاف متعدد افواہیں اور سازشی نظریات بھی پھیلائے جا رہے ہیں۔ ایک افواہ یہ بھی ہے کہ ویکسین اموات کا سبب بن رہی ہے۔ لیکن حقیقت کیا ہے؟

تصویر: Ty O'Neil/Sopa/Zuma/picture alliance

دنیا بھر میں ویکسینیشن شروع ہونے کے بعد لوگوں کی نظریں ایسے افراد پر ہیں جنہیں ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ مختلف ممالک میں ویکسینیشن مہمات شروع ہوتے ہی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں اور آپ کو سوشل میڈیا پر ایسے عنوانات کے ساتھ خبریں بھی دکھائی دی ہوں گی مثلاً، 'ویکسین لگائے جانے کے بعد پندرہ لوگ مر گئے‘ یا 'فلاں کیئر ہوم میں بوڑھے لوگوں کو ویکسین لگائی گئی، جس کے بعد کئی لوگ مر گئے‘۔

ڈی ڈبلیو نے جرمنی، اسپین، امریکا، ناروے، بیلجیم اور پیرو میں سامنے آنے والی ایسی کئی خبروں کا جائزہ لیا اور مختلف ماہرین سے رائے لے کر حقائق جاننے کی کوشش کی۔

اس رپورٹ کی تیاری تک دستیاب اعداد و شمار کے مطابق درج بالا ممالک میں 37 ملین افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ویکسین لگانے کے بعد کسی بھی سبب ہونے والی اموات کی تعداد ڈھائی سو سے بھی کم ہے۔ ان 250 سے کم اموات میں بھی 181 اموات امریکا میں عام افراد نے رپورٹ کیں، جن کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

جرمنی: 'ویکسین لگانے کے بعد ہلاکتیں‘

جرمنی میں ویکسینیشن کے ذمہ دار ادارے پال اہرلش انسٹی ٹیوٹ (پی ای آئی) نے ویکسین لگائے جانے کے گھنٹوں بعد سے لے کر چار دن بعد تک مرنے والے دس افراد کی اموات کا جائزہ لیا۔ ان سب واقعات میں مرنے والوں کی عمریں 79 سے 93 برس کے درميان تھیں اور وہ بڑھاپے کے ساتھ پہلے ہی سے مختلف بیماروں میں مبتلا تھے۔

پی ای آئی کے طبی حفاظت کے محکمے کی سربراہ بریگیٹے کیلر سٹانسلواسکی نے بتایا کہ ان افراد کی اموات کے بارے میں کی گئی تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق تمام اموات پہلے سے موجود امراض کے باعث ہوئیں اور ویکسینیشن کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنوری کے اواخر تک نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی معمول کے مطابق رہی ہے اور ایسی اموات کی شرح میں بھی کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔

جرمنی میں کورونا سے اموات: میت سوزی کے مراکز بھی مشکل میں

02:37

This browser does not support the video element.

اسپین: 'فائزر کی ویکسین لگانے کے بعد کم از کم سات لوگ ہلاک ہوئے‘

ہسپانوی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بائیو این ٹیک کی ویکسین لگانے کے بعد ایک کیئر ہوم میں نو افراد ہلاک ہوئے۔ یہاں مرنے والے افراد بھی معمر اور مختلف امراض میں مبتلا تھے۔

تاہم کیئر ہوم کے مینیجر اور طبی حکام کے مطابق تمام نو افراد کی ہلاکت کورونا وائرس کے سبب ہوئی۔

فائزر کی ویکسین دو مراحل میں لگائی جاتی ہے۔ جرمنی کے روبرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ویکسین کا پہلا انجیکشن لگانے کے پانچ سے چھ دن کے اندر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا خطرہ برقرار رہتا ہے۔ عام طور پر ویکسین کے پہلے انجیکشن لگنے کے 10 تا 14 روز کے بعد وائرس کے خلاف مدافعت پیدا ہونا شروع ہوتی ہے۔

اسپین میں پیش آنے والے اس واقعے میں بھی معمر افراد کی ہلاکت کورونا وائرس سے ہوئی کیوں کہ ویکسین کا اثر شروع ہونے سے پہلے ہی وہ وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے، یعنی ویکسین ان کی ہلاکت کا سبب نہیں بنی۔

امریکا: 'سرکاری ڈیٹا کے مطابق 181 افراد ویکسین لگنے کے بعد ہلاک ہوئے‘

یہ خبر سب سے زیادہ بھارت میں پھیلائی گئی۔ اس خبر کے لیے امریکی 'چلڈرن ہیلتھ ڈیفنس‘ کی ایک پریس ریلیز کو بطور حوالہ استعمال کیا گیا۔

یہ ادارہ امریکا میں ویکسین کی مخالفت کرنے والے ایک مشہور گروہ کا ہے جو کسی بھی قسم کی ويکسین کے خلاف ہیں اور ویکسین مخالف پروپیگنڈا کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔

اس رپورٹ میں جن 'سرکاری اعداد و شمار‘ کا حوالہ دیا گیا ہے وہ VAERS نامی حکومتی سسٹم سے حاصل کیے گئے ہیں۔ اس ڈیٹا میں مریض یا اس کے لواحقین خود ہی کسی ہلاکت کا اندراج کرا سکتے ہیں۔ ادارے نے واضح طور پر صرف انہی اعداد و شمار پر انحصار نہ کرنے کی تنبیہ بھی ویب سائٹ پر شائع کر رکھی ہے۔

امراض کے تدارک کے امریکی مرکز نے بھی صرف اسی غیر مصدقہ ڈیٹا پر انحصار کرنے کے بارے میں خبردار کر رکھا ہے۔

ناروے: 'نرسنگ ہوم میں ویکسینیشن کے بعد 30 افراد ہلاک ہوئے‘

نارویجین میڈیسنز ایجنسی نے نرسنگ ہوم میں ہونے والی 33 ہلاکتوں کا جائزہ لیا، جن کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ ان افراد کی اموات ویکسین لگائے جانے کے بعد ہوئی تھی۔

ایجسنی نے تجزیے کے بعد بتایا کہ نرسنگ ہوم میں انتہائی بیمار اور معمر افراد تھے اور ناروے میں نرسنگ ہومز میں عام طور پر یومیہ ہلاکتوں کی اوسط تعداد 45 ہے۔ ویکسینیشن کے بعد بھی ہلاکتوں کی یہی اوسط برقرار ہے۔

ادارے کے مطابق ہلاکتوں کا ویکسین لگائے جانے سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔ تاہم یہ بھی بتایا گیا کہ صحت مند افراد میں بھی ویکسین لگائے جانے کے بعد معمولی منفی اثرات سامنے آ سکتے ہیں، جو کہ ایک معمول کی بات ہے۔

بیلجیم: 'چودہ افراد کورونا ویکسین لگائے جانے کے بعد ہلاک ہوئے‘

بیلجیم کے صحت سے متعلق وفاقی ادارے کے مطابق ملک میں چودہ افراد ویکسین لگائے جانے کے بعد ہلاک ہوئے لیکن ان ہلاکتوں کا سبب بھی ویکسین نہیں تھی۔

برسلز ٹائمز کے مطابق مرنے والے افراد کی عمریں 70 سال سے زائد تھیں اور ان میں سے بھی چار کی عمریں 90 برس سے زیادہ تھیں۔

بلیجیم کے وفاقی ادارے نے ویکسین کے سائڈ ایفیکٹس پر مبنی ایک رپورٹ بھی جاری کی جس میں بتایا گیا کہ ویکسینیشن کے بعد ہونے والی ہلاکتوں کا ویکسین سے تعلق نہیں تھا۔

اس یورپی ملک میں فائزر اور موڈرنا کی ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔

پیرو: 'ویکسین ٹرائل کے دوران رضاکار کی موت‘

پیرو میں چین کی سائنو فارم ویکسین کا ٹرائل جاری ہے۔ اس دوران خبر سامنے آئی کہ ٹرائل میں شامل ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔

خبر کے بعد تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ رضاکار کو ویکسین لگائی ہی نہیں گئی تھی بلکہ وہ 'پلاسیبو گروپ‘ میں شامل تھا۔

ٹرائلز کے دوران رضاکاروں کو گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، ایک گروپ کو ویکسین لگائی جاتی ہے جب کہ دوسرے گروپ میں شامل افراد کو ویکسین کی بجائے پانی کا انجیکشن لگا دیا جاتا ہے۔ اس طریقے سے ویکسین کی افادیت کا درست تعین ممکن بنایا جاتا ہے۔

جورڈن ولڈن (ش ح/ ع س)

جب کووڈ انيس نے دس سالہ لورينزو سے اس کے دادا کو چھين ليا

02:18

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں