1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

فیکٹ چیک: یوکرین کا ’گھوسٹ آف کییف‘ فائٹر پائلٹ کون ہے؟

2 مارچ 2022

یوکرین اور مغربی سوشل میڈیا پر اُس لڑاکا پائلٹ کی تعریفوں کے پُل باندھے جا رہے ہیں، جس نے روس کے چھ طیاروں کو مار گرایا ہے۔ ’گھوسٹ آف کییف‘ فائٹر پائلٹ کی حقیقت کیا ہے؟ جانیے اس آرٹیکل میں!

Ukraine | Training Luftwaffe | Kampfjet Mig-29
تصویر: Roman Pilipey/dpa/picture alliance

یوکرینی فوج روسی فورسز کے خلاف مزاحمت کر رہی ہے اور ایک لڑاکا پائلٹ یوکرینی عوام کا ہیرو بن چکا ہے۔ اس کو 'گھوسٹ آف کییف‘ کے نام سے پکارا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس نے روس کے چھ طیارے مار گرائے ہیں۔ اس پائلٹ کی تصاویر اور جہازوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ انہیں نہ صرف سابق یوکرینی صدر پیٹرو پوروشینکو بلکہ یوکرینی وزارت دفاع نے بھی شیئر کیا ہے۔

چوبیس فروری کو جس نامعلوم شخص نے یہ ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں، اس نے لکھا ہے، ''اگر یہ حقیقی ہے تو خدا اس کا ساتھ دے۔ اگر یہ حقیقی نہیں ہے تو میں اس طرح کے ہیرو کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘ تاہم حقیقت یہ ہے کہ یہ ویڈیو کلپ 'ڈیجیٹل کمبیٹ سیمولیٹر ورلڈ‘ نامی گیم کے ہیں۔ یہ گیم تیار کرنے والی کمپنی کے ایک ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ کلپ ان کی گیم کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں۔

پرانی تصاویر کی بھرمار

پوروشینکو سن 2014ء سے 2019ء تک یوکرین کے صدر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پر ایک پائلٹ کی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ لکھا کہ یہ 'گھوسٹ آف کییف‘ ہے۔ انہوں نے مزید لکھا، ''ہمیں اس طرح کے مضبوط محافظوں کی ضرورت ہے۔ یوکرین یقینی طور پر فتح یاب ہو  گا۔‘‘

اس پائلٹ کا نام ولادیمیر ابدونوو بتایا جا رہا ہے اور اس کی متعدد تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔ ان میں سے کئی تصاویر واضح طور پر نقلی ہیں۔ تبدیل شدہ تصاویر کا پتا 'نوئس اینالسیز‘ سے لگایا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے متعدد پروسیسنگ پروگراموں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر کسی تصویر میں تبدیلی کی گئی ہو تو اس کے نشانات باقی رہ جاتے ہیں۔ ڈی ڈبلیو نے ایسی ہی تصاویر کا اینالیسز کیا تو متعدد تصاویر میں تبدیلیوں کی نشاندہی ہوئی۔

اس طرح 'ریورس امیج سرچ‘ سے بھی پتا چلا کہ شیئر کی جانے والی متعدد تصاویر  پرانی ہیں۔ اگر آپ پائلٹ کے پیچھے جہاز کو غور سے دیکھیں تو ایک پتے کی تصویر نظر آتی ہے اور یہ نشان رائل کینیڈین ایئرفورس استعمال کرتی ہے۔ جب اس تصویر میں تبدیلیاں کی جا رہی تھیں تو شاید یہ تصویر غلطی سی باقی رہ گئی۔

تاہم ابھی تک یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ یوکرین کا کوئی ایسا پائلٹ وجود رکھتا ہے، جس نے روس کے چھ طیارے مار گرائے ہوں۔ جمعرات کو حملے کے پہلے دن، یوکرین کی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے روس کے پانچ طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے۔ اسی دن روس نے اعلان کیا کہ اس نے یوکرین کے فضائی دفاع اور فضائی اڈوں کو غیر فعال کر دیا ہے۔ یہ روسی دعویٰ کافی حد تک حقیقت پر مبنی ہے۔ اس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی پراسرار ویڈیوز اور تصاویر کے جعلی ہونے کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔

یوکرینی وزارت دفاع نے پائلٹ کی شناخت کے بارے میں ڈی ڈبلیو کے سوالات کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

تصویر: @tpilotgirl/Twitter

انیس آئزیلے ( ا ا / ع آ)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں