1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

قاتلانہ حملے کے بعد زخمی ٹرمپ پہلی بار منظر عام پر

16 جولائی 2024

ٹرمپ کو باضابطہ طور پر ریپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔ اور ٹرمپ نے 39 سالہ سینیٹر جے ڈی وانس کا بطور نائب صدر کے امیدوار انتخاب کیا ہے۔

امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپتصویر: Charles Rex Arbogast/AP/dpa/picture alliance

کل بروز پیر 'ریپبلکن نیشنل کنوینشن' کی ایک تقریب وہ پہلا موقع تھا جب امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد منظر عام پر آئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دائیں کان پر پٹی باندھے ٹرمپ جب اس ہال میں داخل ہوئے جہاں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی، تو ان کا ویسے ہی استقبال کیا گیا جیسا کسی ہیرو کا کیا جاتا ہے۔ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تالیوں کی گونج میں ہال میں داخل ہوتے ٹرمپ نے حامیوں کی طرف اپنا ہاتھ لہرایا۔ اسی دوران ہال میں امریکی گلوکار کے مشہور قومی نغمے "گاڈ بلیس دی یو ایس اے" کی دھن بھی بج رہی تھی۔   

ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ، امریکی سیاست میں تشدد کا اضافہ

02:35

This browser does not support the video element.

اس سے کچھ گھنٹے قبل ہی ٹرمپ کو باضابطہ طور پر ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

پارٹی کی سطح پر اس کامیابی کے بعد ٹرمپ اب متوقع طور جمعرات کو ریپبلکن کنوینشن میں خطاب کریں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے امریکی اخبار 'دی نیو یارک پوسٹ' کو بتایا کہ وہ اس موقعے پر "بائیڈن کی بدترین انتظامیہ" کے بارے میں ایک "انتہائی سخت" تقریر کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن اب انہوں نے وہ تقریر پھاڑ دی ہے اور اب وہ ایک ایسا خطاب کرنا کا ارادہ رکھتے ہیں جو "ملک کو متحد" کرے گا۔

اس تمام پیش رفت پر رپبلکن پارٹی سے وابستہ سوسن سوئینی نے  اے ایف پی سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ بہت حیرت انگیز تھا۔ میرا مطلب ہے، جس سب سے وہ گزرے اور پھر وہ یہاں آئے کیونکہ وہ واقعی پروا کرتے ہیں۔"

امریکی صدارتی انتخابات: بائیڈن اور ٹرمپ میں مقابلہ تقریباً طے

سینیٹر وانس نائب صدر کے امیدوار

ڈونلڈ ٹرمپ اور سینیٹر جے ڈی وانستصویر: Andrew Kelly/REUTERS

ٹرمپ نے دائیں بازو کے سیاسی لیڈر 39 سالہ سینیٹر جے ڈی وانس کا بطور نائب صدر کے امیدوار انتخاب کیا تھا۔

ماضی قریب میں امریکی کے نائب صدر کے لیے نامزد کیے جانے والے افراد میں وانس سب سے کم تجربہ کار امید واروں میں سے ایک ہیں۔

ان کے خیالات ٹرمپ کی مہاجرت کے خلاف اور 'امریکہ فرسٹ' پالیسی سے مماثلت رکھتے ہیں اور کچھ مسائل، مثلاﹰ اسقاط حمل، پر تو ان کا موقف کہیں زیادہ دائیں بازو کے نظریے کی طرف ہے۔   

پولز میں ٹرمپ کو برتری حاصل

ریپبلکن نیشنل کنوینشن میں ٹرمپ کے حمایتیوں کی شرکتتصویر: Ines Pohl/DW

ٹرمپ کو اس وقت قانونی مسائل کا سامنا ہے اور وہ امریکہ کے ایسے پہلے صدر بھی رہ چکے ہیں جن کا دو بار مواخذہ ہوا ہے۔ اس سب کے باوجود 78 سالہ ٹرمپ ایک بار پھر امریکہ کے صدر بننے کے حوالے سے پر اعتماد نظر آتے ہیں۔

دریں اثنا، صدارتی دوڑ میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹرمپ کے حریف اور موجودہ امریکی صدر 81 سالہ جو بائیڈن کی عمر اور صحت کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی الیکشن سے قبل ہونے والے رائے عامہ کے پولز میں بھی ان کی پوزیشن کمزور نظر آتی ہے اور ٹرمپ کو ان پر برتری حاصل ہے۔ 

کیس خارج

پیر کو ایک امریکی جج نے ٹرمپ کے خلاف دائر ایک مقدمہ بھی خارج کر دیا۔ اس کیس میں ٹرمپ پر الزام تھا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس سے خفیہ سرکاری دستاویزات اپنے ساتھ لے جا کر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔

م ا ⁄ ع ت (اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں