1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

قبرص میں قتل کی سازش: اسرائیل کا ایران پر الزام

5 اکتوبر 2021

اسرائیل نے ایران پر قبرص میں موجود اسرائیلی افراد کے قتل کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔ قبرص پولیس نے مبینہ طور پر ایک ایسے حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا جو اسرائیلیوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

Israels Ministerpräsident Naftali Bennett
تصویر: Ohad Zwigenberg/Haaretz/dpa/picture alliance

بحیرہ روم کے جزیرہ قبرص کی پولیس نے اپنے یہاں ایک مسلح شخص کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا، جس کے فوری بعد اسرائیل نے ایران پر قبرص میں رہنے والے اسرائیلیوں پر حملہ کرنے کی سازش کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ تاہم ایران نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

 اسرائیل کے وزیر اعظم کے ایک ترجمان متان سیڈی نے اس حوالے سے چار اکتوبر پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا، ''یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا، جو ایران کی ہدایت کے مطابق مرتب کیا گیا تھا اور یہ قبرص میں رہنے والے اسرائیل کی کاروباری شخصیات کے خلاف تھا۔''

تاہم اسرائیل نے اس بات کی بھی تردید کی کہ یہ مبینہ منصوبہ بندی اسرائیلی ارب پتی کاروباری شخصیت ٹیڈی ساگی کے خلاف تھی۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا تھا، ''اسرائیلی تاجر ٹیڈی ساگی اس حملے کا ہدف نہیں تھے۔'' اسرائیل کے بعض میڈیا اداروں نے اس طرح کی خبریں نشر کی تھیں کہ سازش کا ہدف شاید وہی تھے۔   

 خطے میں اسرائیل کے سخت حریف ایران نے اسرائیل کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ قبرص کے دارالحکومت نیکوسیا میں ایرانی سفارت خانے نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا، ''یہ (اسرائیلی) حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ہمیشہ ہی ایسے بے بنیاد الزامات لگاتی رہی ہے۔''

اس سے قبل پیر کے روز قبرص میں محکمہ پولیس کے سربراہ نے صحافیوں کو بتایا تھا، ''ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے پاس ایک پستول اور کچھ گولیاں سے بر آمد ہو ئی ہیں۔ یہ ایک حساس کیس تھا اسی لیے ریمانڈ کی درخواست بھی خفیہ طور پر کی گئی۔''

تصویر: Andrew Harnik/AFP/Getty Images

اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص کی کار سے ایک سائلینسر بھی ملا ہے۔ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اس شخص کے پاس روسی پاسپورٹ تھا جن کی عمر 38 سے 39 برس کی بتائی جاتی ہے اور ان کی شناخت عزیری کے نام سے ہوئی ہے۔

مقامی عدالت نے پولیس کی درخواست پر انہیں آٹھ دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ اسرائیل کے بیانات سے یہ اشارے ملے ہیں کہ شاید ان کی انٹیلیجنس کی مدد سے ہی قبرص کی پولیس اس سازش کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئی۔

اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لپید سے جب اس بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا، ''سکیورٹی کے خطرات تو ہیں۔ جیسا کہ آپ خود دیکھ سکتے ہیں، شین بیت، موساد اور دیگر سکیورٹی فورسز کو اس سے نمٹنے کا طریقہ بھی آتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ہم وہاں موجود ہیں اور امور پر توجہ دے رہے ہیں۔''

قبرص میں حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص گرفتاری سے بیس روز قبل سے جزیرے پر موجود تھے  اور انہوں نے یکے بعد دیگرے دو کاریں بھی کرائے پر حاصل کی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شمالی قبرص کے علاقے تک جانے کے لیے اکثر ایک الیکٹرک اسکوٹر کا بھی استعمال کرتے رہے تھے۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے ایف پی)

’ایران سے خطرہ‘، اسرائیل نے میزائل دفاعی نظام فعال کر دیا

01:06

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں