قدیم چینی مصوری کا شاہکار، صدیوں بعد نمائش
25 مئی 2011اس نمائش کا اہتمام کرنے والے ماہرین نے بتایا کہ گزشتہ 360 سال سے بھی زائد عرصے میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ شائقین انتہائی تاریخی اہمیت کی حامل اس پینٹنگ کو اس کی مکمل حالت میں دیکھ سکیں گے۔
تائیوان کے دارالحکومت تائی پے سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس تصویر کا نام ’’ فُوچون کے پہاڑوں میں رہتے ہوئے‘‘ ہے اور اس تصویر کی نمائش اگلے ہفتے شروع ہو جائے گی۔
تائی پے نے نیشنل پیلس میوزیم کی طرف سے بتایا کہ چین نے صدیوں پہلے پھاڑ دی جانے والی اس پینٹنگ کے دونوں حصے کچھ عرصہ قبل عارضی طور پر تائیوان کو مہیا کیے تھے، جہاں انہیں جوڑ کر ماہرین نے تصویر کو اُس کی اصلی حالت میں واپسی کو یقینی بنا لیا۔
نیشنل پیلس میوزیم کے ایک بیان کے مطابق گزشتہ 360 سال سے زائد عرصہ سے اس پھٹی ہوئی تصویر کے دونوں حصوں کو کبھی نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔ یہ تصویر چین میں سن 1271 سے 1368 تک اقتدار میں رہنے والے یوآن شاہی خاندان کے دورے اقتدار میں بنائی گئی تھی۔
اس تصویر کو قدیم چین کے دور کے فنون لطیفہ سے متعلق اہم ترین شاہکاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس تصویر کی نمائش دو جون سے لے کر پانچ ستمبر تک تائی پے میں کی جائے گی۔ امکان ہے کہ چین میں اس پینٹنگ کو اس کی موجودہ حالت میں نمائش کے لیے سرے سے رکھا ہی نہیں جائے گا۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: امتیاز احمد