1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر میں طالبان کے دفتر پر امریکا کا انتباہ

23 جون 2013

امریکا نے خبردار کیا ہے کہ طالبان نے افغانستان میں مصالحت کے لیے مزید سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو انہیں قطر میں دفتر بند کرنے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے۔

تصویر: AFP/Getty Images

امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز اس وقت قطر میں ہیں۔ جان کیری کا کہنا ہے کہ امریکا ابھی طالبان سے ملاقات کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے طالبان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امن کے لیے کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔

قطر میں طالبان کے دفتر کے ترجمان محمد نعیم میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: Reuters

جان کیری نے دوحہ میں صحافیوں سے بات چیت کے موقع پر کہا: ’’ہمیں اُمید ہے کہ اگر یہ ممکن ہے تو بالآخر یہ مصالحت کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اگر طالبان تحفظات دُور نہیں کرتے تو واشنگٹن انتظامیہ قطر میں ان کا دفتر بند کرنے پر غور کر سکتی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا: ’’اس کا انحصار طالبان پر ہے کہ وہ کیا پسند کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے اس بات کو حقیقی امتحان قرار دیا کہ آیا طالبان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں یا نہیں۔

طالبان نے دوحہ میں اپنا سفارتی دفتر منگل کو کھولا تھا جسے ’اسلامی امارات افغانستان‘ کا نام دیتے ہوئے انہوں نے وہاں اپنا سفید جھنڈا لہرایا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیریتصویر: Reuters

افغان صدر حامد کرزئی نے اس دفتر کے قیام پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا تھا اور انہوں نے اسے طالبان کی جلاوطن حکومت کا نشان قرار دیا تھا جس نے کابل میں 1996ء سے 2001ء تک اپنی حکومت کے عرصے میں ایک سخت گیر اسلام نافذ کر رکھا تھا۔

حامد کرزئی نے ہفتے کو اپنے ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا کہ امن عمل کی قیادت افغانیوں کے ہاتھوں میں ہونی چاہیے۔

افغانستان کے صدارتی دفتر کے ایک بیان کے مطابق کرزئی کا کہنا تھا: ’’امن ہمارے عوام کے لیے ایک مقدس اُمید ہے۔ ہم امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور غیر ملکیوں کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے امن عمل کو بدشگونی کے اپنے انجام کے لیے استعمال کریں۔‘‘

امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کر چکی ہے۔ امریکا آئندہ برس کے اختتام تک افغانستان میں تعینات اپنے 68 ہزار لڑاکا فوجیوں کے انخلاء کا اعلان کر چکا ہے جس سے طویل ترین امریکی جنگ کا اختتام ہو گا جو اندرون امریکا نامقبول ہوتی جا رہی ہے۔

ng/ah(AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں