قطر میں فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا
20 نومبر 2022فٹ بال کی دنیا میں سب سے بڑا معرکہ سمجھا جانے والا فیفا ورلڈ کپ آج اتوار کی شام خلیجی ریاست قطر میں شروع ہو گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فٹ بال کے ان عالمی مقابلوں کی میزبانی کسی مسلم اکثریتی ملک کے حصے میں آئی ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ میں سکیورٹی کے لیے قطر کا انحصار پاکستانی فوج پر ہے
2022ء کے فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلے 20 نومبر سے لے کر 18 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ اس ایونٹ میں شامل 32 ممالک کی قومی ٹیموں کو چار چار کے آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ان مقابلوں کے گروپ مرحلے میں روزانہ چار میچ کھیلے جائیں گے اور ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنا منٹ کا افتتاحی میچ میزبان ملک قطر اور لاطینی امریکی ملک ایکواڈور کی ٹیمیں کھیل رہی ہیں۔
فُٹ بال اسٹیڈیم میں الکوحل بیئر کی فروخت پر پابندی
فیفا ورلڈ کپ ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ گزشتہ ورلڈ کپ کا میزبان ملک روس تھا۔ اس سال کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بارہ سال قبل قرعہ قطر کے نام نکلا تھا۔ اس کے بعد سے لے کر اب تک قطر نے اپنے ہاں کئی سو ارب ڈالرکی خطیر رقوم خرچ کر کے انتہائی جدید اور دیدہ زیب فٹ بال اسٹیڈیم تعمیر کیے۔
تاہم ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق حاصل کرنے کے بعد سے لے کر مشرق وسطی کے اس چھوٹے سے عرب ملک کو اپنے ہاں تارک وطن کارکنوں کے ساتھ روا رکھے گئے مبینہ ناروا سلوک اور انسانی حقوق کی خراب صورت حال کے سلسلے میں شدید تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔
جرمنی سمیت کئی مغربی ممالک اور انسانی حقو ق کی تنظیموں نے ہیومن رائٹس کے حوالے سے اور خاص طور پر ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے پر قطر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ تاہم قطری حکام مغربی ممالک کو دوہرے معیار کا حامل قرار دیتے ہوئے ان کی طرف سے خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
فیفا گہما گہمی عروج پر: انگلینڈ اور نیدرلینڈز کی فٹ بال ٹیمیں قطر پہنچ گئیں
ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور اعلیٰ حکومتی نمائندوں کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش بھی شریک ہوئے۔
توقع ہے کہ فٹ بال کے ان عالمی مقابلوں کو دیکھنے کے لیے تقریباﹰ بارہ لاکھ شائقین قطر جائیں گے۔
ش ر ⁄ م م (نیوز ایجنسیاں)