1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر کا سفارتی بحران، معاملہ حل کیسے ہو گا؟

6 جون 2017

کئی عرب ممالک کی جانب سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر ديے جانے کے بعد خطے میں کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس موقع پر کئی عالمی طاقتوں نے اس بحران کو حل کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Katar - Doha Skyline im Sandsturm
تصویر: picture-alliance/Photoshot/Nikku

روس اور امریکا اس سفارتی بحران کی شدت کو کم کرنا چاہتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سلسلے میں بحران سے منسلک تمام فریقوں سے بات چیت کرنے پر تیار ہیں۔ ساتھ ہی روس، ترکی اور کویت نے بھی اس بحران کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختيار کرنے کی بات کی ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے بھی مکالمت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ملک کی جانب سے کوئی اشتعال انگیزی نہیں کی جائے گی۔ الثانی نے اس موقع پر امریکا کے ساتھ باہمی روابط کو اہم قرار دیا۔ خطے میں امریکی فضائیہ کی سب سے بڑی چھاؤنی قطر میں ہی موجود ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد اب مالدیپ نے بھی قطر کے ساتھ سفارت کاری ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان میں سے تین ممالک نے قطر کے ساتھ فضائی رابطے بھی منقطع کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے یہ ملک بڑی حد تک تنہا ہو گیا ہے۔ دوحہ حکومت پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

یورپی یونین اور ایران نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا، ’’پڑوسی مستقل ہوتے ہیں۔ جغرافیہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، زبردستی یا جبر کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ بات چیت ضروری ہے اور خاص طور پر رمضان جیسے بابرکت مہینے میں۔‘‘

متحدہ عرب امارات کی جانب سے آج منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اگر قطر ضمانت دے تو تعلقات کی بحالی کے بارے میں سوچا جائے گا۔ اماراتی ریاستی وزیر برائے امور خارجہ انور قرقاش کے بقول، ’’ہمیں بھرپور ضمانت چاہیے تاکہ اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔‘‘

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں