1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر کے وزیر خارجہ کا دورہ کابل، افغان قومی مفاہمت پر زور

13 ستمبر 2021

قطر کے وزیر خارجہ نے اتوار کے روز کابل میں طالبان کے اعلی رہنماوں سے با ت چیت کی ہے۔ 15اگست کو افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد کسی غیر ملکی اعلی ترین عہدیدار کا کابل کا یہ پہلا دورہ تھا۔

Afghanistan | Kabul Präsidentschaftspalast
تصویر: Balkis Press/ABACA/picture alliance

طالبان کے ایک عہدیدار نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد عبدالرحمن الثانی نے اتوار کے روز طالبان حکومت کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔ انہوں نے تاہم ملاقات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

طالبان نے شیخ محمد عبدالرحمن ثانی کی نئے وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات کی تصاویر جاری کی ہیں۔ دوسری طرف سابق افغان صدر حامد کرزئی کی قطری وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

ادھر دوحہ میں قطر کی وزارت خارجہ نے بھی  افغانستان کی نئی حکومت کے ساتھ شیح محمد عبدالرحمن ثانی کی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ وزارت خارجہ نے سابق صدر حامد کرزئی اور برطرف حکومت میں سابق چیف امن مذاکرات کارعبداللہ عبداللہ سے بھی قطری وزیر خارجہ کی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔

افغان فریقین کو قومی مفاہمت میں شامل کرنے پر زور

قطر کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شیح محمد عبدالرحمن ثانی نے”افغان حکام سے درخواست کی کہ وہ تمام افغان فریقین کو قومی مفاہمت میں شامل کریں۔" بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ قطری وزیر خارجہ نے ”کابل ہوائی اڈے کے آپریشن اور سب کے لیے گزرنے اور سفر کرنے کی آزادی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت“ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

افغانستان پر حکومت کی علامت، کابل کے صدارتی محل پر اب طالبان کا پرچم

وزارت خارجہ نے مزید کہا،” فریقین نے دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زو دیا۔"

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماوں کے درمیان با ت چیت میں باہمی تعلقات، انسانی امداد، اقتصادی ترقی اور عالمی برادری کے ساتھ روابط جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تصویر: High Council For National Reconciliation/AA/picture alliance

طالبان نے قطر کا شکریہ ادا کیا

سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے دوحہ معاہدہ ایک ”تاریخی حصولیابی" ہے اور تمام فریقین کو اس کے نفاذ کے سلسلے میں کوشش کرنی چاہئے۔

طالبان کے ترجمان نے بتایا کہ افغان قیادت نے مشکل گھڑی میں قطر کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطری وزیر خارجہ نے افغان قیادت اور عوام کو فتح کی مبارک باد دی۔

طالبان سے مکالمت میں ماہرانہ سفارتکاری ضروری، جرمن وزیر دفاع

خیال رہے کہ قطر نے طویل عرصے تک افغانستان کے معاملے پر مصالحت کار کا کردار ادا کیا ہے، جس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکا کے ساتھ طالبان کے مذاکرات کی میزبانی اور پھر سابق افغان صدر اشرف غنی کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم دینا شامل ہے۔

قطر کا کردار

قطر کو ان ملکوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جس کے سخت گیر اسلام پسند گروپ پر سب سے زیادہ اثرات ہیں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سن 2013 سے ہی طالبان کا سیاسی دفتر موجود ہے جہاں امریکا کے ساتھ امن مذاکرات اور پھر معاہدے پر دستخط ہوئے۔

قطر نے امریکا کی جانب سے اپنے اور دیگر مغربی ممالک کے شہریوں نیز ان ملکوں کو مدد کرنے والے افغان شہریوں کوافغانستان سے نکالنے کی کارروائی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اس خلیجی ملک نے ترکی کے ساتھ مل کر کابل ہوائی اڈے کو دوبارہ شروع کرنے میں تکنیکی مدد بھی فراہم کی۔ امریکی فوج نے 30اگست کو افغانستان سے واپس لوٹتے وقت کابل ہوائی اڈے کو کافی حد تک تباہ کر دیا تھا۔

امریکا نے طالبان کے رویے کی تعریف کی

گزشتہ ہفتے قطر ایئر ویز کابل سے پرواز کرنے والی پہلی بین الاقوامی پرواز بن گئی جب وہ ڈھائی سو سے زیادہ غیر ملکیوں کو لے کر افغانستان سے روانہ ہوئی۔

خیال رہے کہ کسی بھی ملک نے ابھی تک طالبان کی نئی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔ طالبان کے پہلے دور حکومت کو صرف تین ملکوں نے تسلیم کیا تھا۔ان میں پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل تھے۔

ج ا / ص ز (اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں