لاہور بم دھماکے میں دو افراد ہلاک
25 اپریل 2012
پاکستانی پولیس حکام کے مطابق دھماکا لاہور کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے ایک لگژری ویٹنگ لاؤنج کے نزدیک ہوا جس میں کم از کم دو افراد کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔
سینئر پولیس اہلکار عبدالرزاق چیمہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے میں دو افراد ہلاک اور دس زخمی ہو ئے ہیں۔ تاہم بعد میں موصول ہونے والی خبروں کے مطابق زخمی ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔
امدادی کارکن کرامت علی کے مطابق پینتیس زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا۔
گزشتہ کئی ماہ میں لاہور میں ہونے والا یہ پہلا دھماکا تھا۔
پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور بم دھماکے نئی بات نہیں ہیں۔ عمومی طور پر ان دھماکوں کا مرکز پاکستان کے شمال مغربی علاقے ہوتے ہیں جہاں طالبان عسکریت پسندوں کا اثر زیادہ ہے۔
پاکستانی ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں ریلوے اسٹیشن کے ویٹنگ لاؤنج کو چکنا چور نظر آیا۔ پولیس کے مطابق بم چھ سے آٹھ کلو گرام وزنی تھا جس کو ایک بیگ میں رکھ گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بزنس ایکسپریس ٹرین اسٹیشن سے رخصت ہو چکی تھی اور وہ اس بم حملے کا نشانہ نہ تھی۔
پاکستان کے ثقافتی دارالحکومت کہلائے جانے والے شہر لاہور کے پولیس چیف اسلم ترین کے مطابق یہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا اور پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ دہشت گرد کس طرح بم اسٹیشن کے اندر رکھنے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
(ss/at (AFP, Reuters