1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولپاکستان

لاہور میں ریکارڈ بارش، کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک

1 اگست 2024

لاہور کی واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی کے مطابق شہر میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ اس دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور بارش کا پانی گھروں اور ہسپتالوں میں داخل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

لاہور شہر سے جمعرات کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں شدید بارش کے باعث نظام زنگی درہم برہم ہو گیا ہے
لاہور شہر سے جمعرات کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں شدید بارش کے باعث نظام زنگی درہم برہم ہو گیا ہےتصویر: K.M. Chaudary/AP/picture alliance

لاہور شہر سے جمعرات کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں شدید بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے اور اس دوران کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

پانی کی ترسیل اور نکاسی آب کے ذمہ دار اس سرکاری ادارے واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے مطابق آج شہر کے کچھ علاقوں میں 353 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے لاہور میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

دریں اثنا، پولیس نے بتایا ہے کہ لاہور کی نشاط کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

آج بارش شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی لاہور کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیاتصویر: Arif Ali/AFP

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش کا یہ سلسلہ آج علی الصبح شروع ہوا تھا اور اس کا وقفے وقفے سے ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق آج بارش شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی لاہور کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ اس کے علاوہ شہر میں واقع جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال کے چند وارڈز میں بارش کا پانی داخل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

آج بارش شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی لاہور کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیاتصویر: Rana Irfan Ali/picture alliance/AA

اس رپورٹ میں سرکاری اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے بارش کے بعد متعدد رہائشی علاقوں میں بھی پانی جمع ہو گیا ہے، جب کے شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا ہے۔ 

واسا کا کہنا ہے کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں سے بارش کا پانی صاف کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں لاہور کے علاوہ ملکی دارالحکومت اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی آج بارش ہوئی ہے۔

م ا ⁄ ع ت (اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں