1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں نامعلوم حملہ آوروں کے ہاتھوں سکھ شہری کا قتل

6 مئی 2023

پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک مقامی سکھ شہری کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آور ڈرائیونگ کرتے ہوئے اس سکھ شہری کے قریب سے گزرے اور اسے گولی مار کر فرار ہو گئے۔

Pakistan | Sikh Ladenbesitzer ermordet
پشاور میں ایک سکھ دکان دار کے حالیہ قتل کے بعد مقامی سکھ برادری کے دن رہنما ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: Fatima Nazish/DW

لاہور سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ملک میں مذہبی اقلیتی برادریوں میں سے کسی ایک کے رکن کے قتل کا یہ تازہ ترین واقعہ آج ہفتہ چھ مئی کے روز پیش آیا۔

پولیس نے مقتول کا نام سردار سنگھ بتایا ہے، جسے لاہور کے ایک رہائشی علاقے نواب ٹاؤن میں ایک موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

پشاور میں ایک سکھ دکاندار کا قتل اور اس اقلیتی برادری کے خدشات

جس وقت سردار سنگھ کو قتل کیا گیا، اس وقت وہ صبح کی سیر کر رہے تھے اور ان کا ایک ذاتی محافظ بھی ان کے ہمراہ تھا۔

مقامی پولیس افسر اسد عباس نے صحافیوں کو بتایا کہ مقتول سردار سنگھ کو ایک گولی سر میں لگی اور وہی جان لیوا ثابت ہوئی۔

اس حملے میں مقتول کا ذاتی محافظ بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا۔ تفتیشی حکام نے یہ وضاحت نہیں کی کہ مقتول سکھ شہری نے اپنے ساتھ ذاتی محافظ کیوں رکھا ہوا تھا۔

آخری خبریں آنے تک اس قتل کی ذمے داری کسی نے قبول نہیں کی تھی۔

پشاور کے بعد کوئٹہ بھی دھماکوں سے گونج اٹھا

پشاور میں ایک سکھ دکان دار کے حالیہ قتل کے بعد مقتول کے خاندان کی دو خواتین ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: Fatima Nazish/DW

پاکستان میں مذہبی اقلیتوں پر حملے

اپنی مجموعی آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے ممالک میں شمار ہونے والی جنوبی ایشیائی ریاست پاکستان میں اکثریتی آبادی مسلمانوں کی ہے جبکہ وہاں مذہبی اقلیتوں کے طور پر کئی مختلف عقائد کے پیروکار باشندے بھی بہت بڑی تعداد بھی رہتے ہیں۔

لاہور میں مسیحی نوجوان کا قتل، نو ملزمان گرفتار

پاکستانی آئین ملکی اقلیتوں کو مساوی حقوق، اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی مکمل آزادی کی ضمانت اور ہر طرح کا تحفظ تو فراہم کرتا ہے تاہم عملی طور پر ملک میں اقلیتی شہریوں پر خونریز حملے بھی بار بار دیکھنے میں آتے ہیں۔

پاکستان: پشاور میں مسلح افراد نے ایک پادری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا

ابھی گزشتہ ماہ ہی پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی دو مختلف واقعات میں ایک مقامی سکھ دکان دار اور صفائی کا کام کرنے والے ایک مسیحی کارکن کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

اس کے علاوہ حال ہی میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی ایک ممتاز مقامی ہندو ڈاکٹر اور آنکھوں کے سرجن کو گولی مار دی گئی تھی۔

م م / ش ر (اے پی)

پاکستان: سندھ میں صدیوں سے آباد ہندو، اب پرائے کیوں؟

03:12

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں