1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لبنانی مظاہروں میں خواتین سب سے آگے

24 اکتوبر 2019

لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں میں خواتین کی شرکت کو مشرق وسطیٰ میں فروغ پاتی نسائیت سے نتھی کیا جا رہا ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے، لبنانی خواتین کے اس مثبت کردار سے عرب دنیا کی خواتین میں بیداری کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔

Lebanon Protests
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Ammar

لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں کے ایک ویڈیو کلپ کو ہزاروں مرتبہ صارفین نے دیکھا اور بے شمار مرتبہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اس کلپ کو شائع کیا گیا۔ یہ ویڈیو کلپ سترہ اکتوبر کو ہونے والے مظاہرے کا ہے۔ اس میں لبنانی وزیر تعلیم اکرم شہیب کی گاڑیوں کا قافلہ مظاہرین کے بیچ پھنس کر رہ جاتا ہے۔ اس صورت حال میں جب معاملہ نازک ہو گیا تو ایک محافظ نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔

سکیورٹی گارڈ کی ہوائی فائرنگ نے مظاہرین کے جذبات کو مزید برہم کر دیا۔ اس ویڈیو کلپ میں دیکھا گیا کہ سب سے پہلے ایک خاتون آگے بڑھی اور اس نے سکیورٹی گارڈ  کے پیٹ کے نچلے حصے میں پاؤں سے ٹھوکر ماری۔ اس سے سکیورٹی گارڈ گبھرا گیا کیونکہ وہ جانتا تھا کہ ایک نہتی عورت کے ساتھ وہ جھگڑا مُول لے کر کچھ بھی حاصل نہیں کر پائے گا بلکہ اُس کی جان جا سکتی ہے۔

مجموعی طور پر مظاہروں میں خواتین کے پیش پیش ہونے کو سراہا گیا اور قابل مثال قرار دیا گیاتصویر: Getty Images/AFP/I. Amro

سوشل میڈیا پو لوگوں نے سکیورٹی گارڈ کو ٹھوکر مارنے والی خاتون کو کئی القابات سے نوازنے کے ساتھ ساتھ اُس کی ہمت اور حوصلے کی تعریف بھی کی۔ ایک صارف نے اس خاتون کو لبنان کی 'لارا کرافٹ‘  قرار دیا۔ اس ویڈیو پر تقریباً ہر ایک تبصرہ مثبت اور خاتون کی جراٴت کی تعریف میں تھا۔ مجموعی طور پر مظاہروں میں خواتین کے پیش پیش ہونے کو سراہا گیا اور قابل مثال قرار دیا گیا۔

الجزائر میں پیدا ہونے والے ماہر عمرانیات نصیر الجابی نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ لبنان کے پر امن مظاہرے مشرق وسطیٰ کے عرب ممالک کے لیے باعث تقلید ہو سکتے ہیں کیونکہ تمام عرب ممالک کے لوگ ان کی جانب دیکھ رہے ہیں اور خاص طور پر بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے والی خواتین بلاشبہ قابل تعریف ہیں۔

لبنانی مظاہروں میں شریک خواتین عدم تشدد کی تلقین کرتی رہی ہیںتصویر: Getty Images/AFP/J. Eid

لبنانی مظاہروں میں شریک ایک شخص حنین ناصر نے مقامی اخبار ڈیلی اسٹار کو بتایا کہ مظاہروں میں شریک خواتین عدم تشدد کی تلقین کرتی ہیں۔ ناصر کے مطابق کئی مظاہرین اس کوشش میں تھے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جائے لیکن شریک خواتین نے واضح کیا کہ وہ ایسا نہیں چاہتیں اور تمام مظاہرین پرامن رہتے ہوئے احتجاج کریں۔ ناصر کے مطابق پرامن مظاہروں میں تسلسل کا سہرا خواتین کو جاتا ہے۔

لبنان میں مظاہرے کئی ایام سے جاری ہیں۔ ان مظاہروں کے تناظر میں وزیراعظم سعد الحریری کی حکومت نے عوام کو رعائیتیں دینے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ بظاہر اس اصلاحاتی پیشکش کو عوامی مظاہرین نے بڑھ چڑھ کر قبول نہیں کیا۔

کیرسٹن کنپ اور دینا البسنالی (عابد حسین)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں