1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتلبنان

لبنان اور اسرائیل کے مابین جنگ کا خطرہ بڑھتا ہوا

15 جنوری 2024

اسرائیل اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے مابین کشیدگی خطے میں ایک نئی جنگ کا موجب بن سکتی ہے جبکہ بحیرہ احمر میں حوثی باغیوں کے حملوں کی وجہ سے بھی تناؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

Iran gebaute Rakete
تصویر: Vahid Salemi/AP Photo/picture alliance

اسرائیل اور لبنانی جنگجو گروہ حزب اللہ کے مابین کشیدگی سے خطے میں ایک نئے مسلح تنازعے کا خوف پیدا ہو چکا ہے۔ عسکریت پسند حماس اور اسرائیلی دفاعی افواج کے مابین لڑائی کی وجہ سے حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے کرنا شروع کیے، جس کے جواب میں اسرائیلی دفاعی افواج ایران نواز حزب اللہ کو بھی نشانہ بنانا شروع کر  چکی ہے۔

دریں اثناء یمن کے وسیع تر علاقوں پر قابض ایرانی حمایت یافتہ شیعہ حوثی جنگجو گروہ نے بھی بحیرہ احمر کے انتہائی اہم تجارتی روٹ میں لوٹ مار شروع کر رکھی ہے۔ یہ جنگجو اہم آبی راستوں سے گزرنے والے کارگو بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ حزب اللہ کی طرح حوثی بھی فلسطینیوں کی حمایت میں یہ پرتشدد کارروائیاں کر رہے ہیں۔

بیروت کے چالیس سالہ رہائشی نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''مجھے خوف ہے کہ حزب اللہ لبنانیوں کو ایک ایسی جنگ میں جھونک دے گا، جس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم جنگ کے لیے تیار بھی نہیں ہیں۔‘‘

لبنانی سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ تازہ خونریز جھڑپیں، اسرائیل

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملہ، حزب اللہ کا اہم کمانڈر ہلاک

لبنانی عوام میں ایک خوف دیکھا جا رہا ہے جبکہ ایسے لوگ جو نسبتا‌ﹰ بہتر مالی حالات میں ہیں، انہوں نے خطے میں ایک نئی جنگ کے خوف کی وجہ سے راشن ذخیرہ شروع کر دیا ہے۔ لبنان کی معیشت پہلے ہی بحران کا شکار ہے جبکہ کرنسی کی قدر گرتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام میں اس طرح کی پریشانی ملکی اقتصادیات کے لیے مزید دھچکے کا باعث بنے گی۔

یہ جھڑپیں شروع کب ہوئیں؟

حزب اللہ کے جنگجوؤں نے آٹھ اکتوبر سے ہی اسرائیلی سرحدوں پر چھوٹے پیمانے پر حملے کرنا شروع کر دیے تھے تاہم اس مسلح تصادم کے سو دن مکمل ہونے کے بعد لبنان کی شمالی سرحدوں پر کشیدگی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی زمینی کاررائیوں میں اضافہ

02:30

This browser does not support the video element.

یاد رہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیلی سرزمین پر حماس کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد آٹھ اکتوبر سے ہی اسرائیلی دفاعی افواج نے غزہ پٹی میں ان جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 188 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 141 حزب اللہ کے ممبران ہیں۔ یہ اعداد وشمار فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمع کیے ہیں۔

اسرائیل اور حماس کے مابین جاری لڑائی کی وجہ سے خطے میں ایک نئے فوجی تنازعے کے شروع ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ امور کی ماہر کیلی پیتیلو نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا، ''میں یہ کہوں گی کہ یہ خطہ (مشرق وسطیٰ) ایک علاقائی تصادم کی زد میں آ چکا ہے۔‘‘

دوسری طرف جرمن اور امریکی وزرائے خارجہ بھرپور کوشش میں ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں ایک نئی لڑائی شروع نہ ہو۔ دونوں سفارت کاروں نے گزشتہ ہفتے لبنان سمیت مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے دورے کیے اور علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

یہ امر اہم ہے کہ لبنان میں حکومت کا اثرورسوخ بہت زیادہ نہیں۔ اس ملک میں حزب اللہ نامی تنظیم ایک اہم سیاسی و فوجی طاقت قرار دی جاتی ہے۔ امریکہ، یورپی یونین اور دیگر متعدد ممالک نے اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سفارتی کوششوں میں اس تنظیم کے نمائندوں سے براہ راست گفتگو نہیں ہو سکتی ہے۔

کیا حزب اللہ جنگ چھیڑ سکتی ہے؟

لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی کے پاس اتنے زیادہ اختیارت نہیں کہ وہ اکیلے ہی فیصلہ کر سکیں کہ ملک کا آئندہ لائحہ عمل کیا ہو گا۔ انٹرنیشنل کرائسس گروپ نامی تھنک ٹینک سے وابستہ ہائیکو ویمان نے ڈی ڈبلیو کا بتایا کہ اس تنازعے کو کس طرح حل کرنا ہے، اس کا فیصلہ حزب اللہ تنظیم ہی کرے گا۔

غزہ اب ’ناقابل رہائشی‘ ہو چکا ہے، اقوام متحدہ

غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں، اقوام متحدہ

ہائیکو ویمان کا کہنا ہے کہ اس سب معاملے میں لبنانی حکومت اور عوام بے بس ہیں اور وہ ناظرین ہی ہو سکتے ہیں، ''حزب اللہ کے اپنے مفادات ہیں، جن کا لبنانی قومی سلامتی سے میل کھانا لازمی نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ علاقائی سطح پر ایک  بڑے اتحاد کا حصہ ہے، جس میں ایران اور دیگر فریقین بھی شامل ہیں۔

یووپین کونسل برائے خارجہ امور سے وابستہ کیلی کا کہنا ہے حزب اللہ اور ایران فی الحال بظاہر یہ نہیں چاہتے کہ اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ جنگ شروع کی جائے۔ تاہم وہ قائل ہیں کہ 'ایران کی حمایت سے حزب اللہ اور حماس کچھ ردعمل ظاہر کرنے کی تیاری میں ہیں۔ کیلی کے بقول یہ گروہ (حماس، حزب اللہ) اس دباؤ میں ہیں کہ انہیں کوئی جواب دینا ہے۔

کیلی کے بقول، ''ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ردعمل کیا ہو گا اور کب سامنے آئے گا لیکن میرے خیال میں یہ یقینی ہے کہ ردعمل ضرور  آئے گا۔‘‘

جینیفر ہولیئس، عباس الخشالی (ع ب/ ک م / ر ب)

ايرانی حمايت يافتہ جنگجو تنظيمیں اور ملیشیا گروپ

01:24

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں