1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع

9 اکتوبر 2024

جنگ زدہ لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں پہلی خصوصی پرواز آج بدھ کی اولین ساعتوں میں 71 افراد کو لے کر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہےتصویر: Nicolas Economou/NurPhoto/picture alliance

پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں لبنان سے پاکستانیوں کے انخلاء کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ "لبنان اور شام میں پاکستانی سفارت خانوں کی جانب سے سکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور کھانے کے انتظامات کیے گئے تھے تاکہ انخلاء کو یقینی بنایا جا سکے۔"

یہ اس سے قبل کی رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ لبنان میں جاری تنازع کی وجہ سے پھنسے پاکستانی شہریوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

اسرائیل نے غزہ اور بیروت پر حملے تیز کر دیے

سوڈان سے پاکستانیوں اور بھارتیوں کا محفوظ انخلاء جاری

پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شامی ایئرلائن شام ونگز کو انخلاء کے مشن کے لیے منظوری دی ہے۔

سی اے اے کے ایک اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا "شام ونگز ایئربس اے 320 کا استعمال کرتے ہوئے ایک خصوصی پرواز چلائے گا تاکہ لبنان سے 180 پاکستانیوں کو واپس لایا جا سکے۔"

 خیال رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں نے جنوبی بیروت کو بہت زیادہ نشانہ بنایا ہے، جس سے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

لبنان میں جنگ میں شدت کے ساتھ ہی لوگوں کا انخلاء بھی تیز ہوگیا ہے تصویر: Omar Albam/DW

گورنر سندھ نے پاکستانیوں کا استقبال کیا

کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر حکام نے ان پاکستانیوں کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حفیظ الدین اور صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا، "حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی اور سفارت خانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں اہم کردار ادا کیا۔"

غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کے لیے دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے

کامران ٹیسوری نے مزید کہا، "شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آ گئے اور وہاں پھنسے دیگر پاکستانیوں کو بھی جلد ہی واپس لایا جائے گا۔"

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے۔

پاکستان کی جانب سے غزہ میں امدادی سامان بھیجنے کی پیشرفت کے حوالے سے اس اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ میں یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ مزید پاکستانی شہریوں کو بھی جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 ج ا ⁄  ص ز ( پاکستانی میڈیا ادارے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں