لتھوانیا: مال بردار طیارہ ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ
25 نومبر 2024
لیتھوانیا کے حکام کے مطابق جرمن لاجسٹک کمپنی ڈی ایچ ایل کے لیے کام کرنے والا ایک کارگو طیارہ پیر کے روز علی الصبح ملک کے معروف ولنیئس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
ہمیں اس بارے میں مزید کیا معلوم ہے؟
سوئفٹ ائیرلائن کے ذریعے چلائے جانے والا یہ طیارہ جرمن شہر لیپزگ سے روانہ ہوا تھا، جو ڈی ایچ ایل کمپنی کا مرکز ہے۔
نیپال میں طیارے کے حادثے میں تقریباﹰ تمام سوار افراد ہلاک
لتھوانیائی ریسکیو سروس کے سربراہ ریناتاس پوزیلا نے بتایا ہے کہ تباہ ہونے والا مال بردار طیارہ، "ہوائی اڈے سے چند کلومیٹر پہلے ہی گرا، بس چند سو میٹر کا فاصلہ بچا تھا کہ راستے سے پھسل گیا۔ اس کے ملبے نے ایک رہائشی مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "گھر کے ارد گرد رہائشی انفراسٹرکچر میں آگ لگ گئی تھی اور گھر کو تھوڑا نقصان بھی پہنچا، لیکن ہم مکان سے لوگوں کا انخلا کرانے میں کامیاب رہے۔"
معروف امریکی خلاباز ولیم اینڈرس طیارے کے حادثے میں ہلاک
حکام کے مطابق مذکورہ عمارت سے بارہ رہائشیوں کو محفوظ نکال لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ طیارہ ایک رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا۔
ولنیئس کے میئر ویلڈاس بنکنسکاس نے کہا کہ طیارہ "اتفاق سے" گھر سے ٹکرانے کے بجائے صحن سے ٹکرا گیا۔
روسی چارٹر فلائٹ افغانستان میں گر کر تباہ
حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں
حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن لتھوانیا کے پولیس چیف نے اس بارے میں دہشت گردی کو بطور محرک مسترد نہیں کیا۔
چیف آف پولیس اروناس پالاؤسکاس نے ایک پریس بریفنگ کے دوران اس حوالے سے کہا، "یہ بھی دیگر وجوہات میں سے ایک ہے جس کی چھان بین اور تصدیق کی ضرورت ہے۔ ہمارے سامنے ابھی بہت کام باقی ہے۔ ان کے جوابات اتنی جلدی نہیں آئیں گے۔"
جاپان میں دو طیاروں کا تصادم، پانچ افراد ہلاک
ان کا مزید کہنا تھا کہ جائے حادثہ کی تحقیقات، شواہد اکٹھا کرنے اور معلومات اور اشیاء کو جمع کرنے میں پورا ہفتہ لگ سکتا ہے۔
ڈی ایچ ایل گروپ، جس کا صدر دفتر جرمنی کے بون میں ہے، نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس کی وجہ سے ایئر پورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت میں فوری طور پر کوئی خلل نہیں پڑا۔
ص ز/ ج ا (روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی)