1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبرطانیہ

لز ٹرس، ملکہ الزبتھ کے عہد کی سولہویں برطانوی وزیر اعظم

6 ستمبر 2022

برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی نے ٹوری پارٹی کی نئی سربراہ لز ٹرس کو منگل چھ ستمبر کے روز نئی ملکی وزیر اعظم نامزد کر دیا۔ وہ ایسی سولہویں برطانوی رہنما ہیں، جنہیں ملکہ نے اپنی تاج پوشی کے بعد سے وزیر اعظم نامزد کیا ہے۔

لز ٹرس، آج تک برطانیہ کی وزیر اعظم بننے والی صرف تیسری خاتون سیاست دانتصویر: Stefan Rousseau/empics/picture alliance

دو ماہ قبل اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کرنے والے سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اس انتظار میں تھے کہ لندن میں قدامت پسند یا ٹوری پارٹی کہلانے والی حکمران جماعت ان کا جانشین چن لے، تو وہ اپنے عہدے سے عملاﹰ مستعفی ہو جائیں۔

لز ٹرس کو پیر پانچ ستمبر کی شام ٹوری پارٹی کے ارکان کی اکثریت نے نیا پارٹی لیڈر منتخب کر لیا تھا۔ اس کے بعد منگل چھ ستمبر کے روز بورس جانسن نے سکاٹ لینڈ میں ملکہ الزبتھ کے ساتھ ایک ملاقات میں انہیں اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔

اس کے بعد ملکہ کی اگلی ملاقات لز ٹرس سے ہوئی، جس میں الزبتھ ثانی نے لز ٹرس کو نئی حکومتی سربراہ نامزد کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کے لیے کہہ دیا۔

لندن میں بکنگھم پیلس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق منگل کے روز پہلے جانسن اور پھر ٹرس کی ملکہ الزبتھ سے ملاقاتیں سکاٹ لینڈ میں ان کی بالمورل کاسل کہلانے والی رہائش گاہ میں ہوئیں۔

لز ٹرس سکاٹ لینڈ میں بالمورل کاسل میں ملکہ الزبتھ سے ملاقات کرتے ہوئےتصویر: Jane Barlow/ ASSOCIATED PRESS/picture alliance

آج تک کی تیسری خاتون وزیر اعظم

لز ٹرس آج تک برطانیہ کی وزیر اعظم بننے والی تیسری خاتون سیاست دان ہیں۔ ان سے پہلے اس منصب پر مارگریٹ تھیچر اور پھر ٹیریسا مے فائز رہ چکی ہیں۔

لز ٹرس کی لندن میں ملکی  حکومت کی نئی سربراہ کے طور پر نامزدگی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ملکہ الزبتھ کی تخت نشینی کے بعد سے آج تک کے تقریباﹰ سات عشروں میں ان کی طرف سے برطانوی وزیر اعظم نامزد کی گئی 16 ویں سیاست دان ہیں۔

اس سے قبل تاج برطانیہ کی مالک اور برطانوی سربراہ مملکت کے طور پر ملکہ الزبتھ 1952 میں اپنی تخت نشینی سے لے کر آج تک کی سات دہائیوں میں لندن کی دس ڈاؤننگ سٹریٹ میں پندرہ وزرائے اعظم کو آتے اور پھر جاتے ہوئے دیکھ چکی ہیں۔

برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر، اوپر، اور دوسری خاتون وزیر اعظم ٹیریسا مے، نیچےتصویر: empics/picture alliance
تصویر: Getty Images/AFP/T. Akmen

ملکہ الزبتھ کے نامزد کردہ سولہ برطانوی وزرائے اعظم

ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی کے بعد سے آج تک لز ٹرس سے پہلے مندرجہ ذیل پندرہ سیاسی رہنما برطانیہ کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں:

1۔   ونسٹن چرچل، ٹوری پارٹی، 1951 سے 1955 تک

2۔   انتھونی ایڈن، ٹوری پارٹی، 1955 سے 1957 تک

3۔   ہیرالڈ میکملن، ٹوری پارٹی، 1957 سے 1963 تک

4۔   آلیک ڈگلس ہوم، ٹوری پارٹی، 1963 سے 1964 تک

5۔   ہیرولڈ ولسن، لیبر پارٹی، 1964 سے 1970 تک

6۔   ایڈورڈ ہیتھ، ٹوری پارٹی، 1970 سے 1974 تک

7۔   ہیرولڈ ولسن، لیبر پارٹی، 1974 سے 1976 تک

8۔   جیمز کیلیہان، لیبر پارٹی، 1976 سے 1979 تک

9۔   مارگریٹ تھیچر، ٹوری پارٹی، 1979 سے 1990 تک

10۔ جان میجر، ٹوری پارٹی، 1990 سے 1997 تک

11۔ ٹونی بلیئر، لیبر پارٹی، 1997 سے 2007 تک

12۔ گورڈن براؤن، لیبر پارٹی، 2007 سے 2010 تک

13۔ ڈیوڈ کیمرون، ٹوری پارٹی، 2010 سے 2016 تک

14۔ ٹیریسا مے، ٹوری پارٹی، 2016 سے 2019 تک

15۔ بورس جانسن، ٹوری پارٹی، 2019 سے 2022 تک

16۔ لز ٹرس، ٹوری پارٹی، 2022

م م / ش ر (روئٹرز، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں