1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتیورپ

لفتھانزا کو ملنے والا مالی پیکج غیرقانونی تھا، یورپی عدالت

14 مئی 2023

برلن حکومت نے کووڈ کی وبا کے دوران جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے اسے چھ ارب یورو کی مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔ اب ایک اعلیٰ یورپی عدالت نے اس منظوری کو منسوخ کر دیا ہے۔

لفتھانزا کو ملنے والا مالی پیکج غیرقانونی تھا، یورپی عدالت
لفتھانزا کو ملنے والا مالی پیکج غیرقانونی تھا، یورپی عدالتتصویر: Boris Roessler/dpa/picture alliance

یورپ میں فضائی سفر کے سب سے بڑے تجارتی گروپوں میں سے ایک لفتھانزا کو سن 2020 میں ایک مالی امدادی پیکج فراہم کیا گیا تھا۔ تب کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں فضائی سفری پابندیاں عائد کی جا چکی تھیں۔

اس کے ایک سال بعد سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی اور اس ایئرلائن نے دوبارہ اپنی پروازوں کا آغاز کر دیا تھا۔ پیکج کی منظوری کے ایک سال بعد دوبارہ آمدنی ہونے کے ساتھ ہی ساری رقم نقد واپس کر دی گئی تھی جبکہ جرمن حکومت نے گزشتہ سال اس ایئر لائن میں اپنا آخری حصہ بھی فروخت کر دیا تھا۔

لیکن اب یورپی یونین کی جنرل کورٹ نے ایک کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے چھ بلین یورو کے اس لفتھانزا بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اس امدادی پیکج کی منظوری میں 'متعدد سنگین غلطیاں‘ کی گئی تھیں۔ اس امدادی پیکج کے خلاف لفتھانزا کی حریف کمپنیوں راین ایئر اور کونڈور نے  مقدمہ دائر کیا تھا اور تازہ عدالتی فیصلہ اسی قانونی شکایت کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مالی امداد فراہم کرنے سے پہلے یہ غلط اندازہ لگایا گیا تھا کہ لفتھانزا مالی منڈیوں سے قرض حاصل نہیں کر سکتی تھی۔ ایک اور خرابی  یہ تھی کہ اس عمل کے دوران مارکیٹ میں مؤثر اور صحت مند مسابقت کے اصولوں کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا تھا۔

لفتھانزا کو ملنے والے مالی امدادی پیکج کی حتمی منظوری یورپی کمیشن نے دی تھی۔ ابھی تک اس حوالے سے یورپی کمیشن کا کوئی تبصرہ یا رد عمل سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب یورپی عدالت برائے انصاف میں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق لفتھانزا پہلے ہی تمام رقم واپس کر چکی ہے اور ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا یہ عدالتی فیصلہ لفتھانزا پر کوئی منفی اثرات مرتب کرے گا۔ دریں اثنا اس فیصلے کے بعد فرینکفرٹ اسٹاک ایکسچینج میں لفتھانزا کے حصص کی قیمتوں میں 0.2 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد کئی دیگر فضائی کمپنیوں کی طرح لفتھانزا بھی دو سال کے مسلسل خسارے کے بعد اب پھر سے منافع کما رہی ہے۔

ا ا / م م (ڈی پی اے، روئٹرز)

دنیا کے سب سے بڑے مسافر جہاز کی آسمانوں میں واپسی

01:15

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں