1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس، غلط پرچم کیوں دکھایا، شمالی کوریا کی فٹ بال ٹیم کی ناراضی

Atif Baloch26 جولائی 2012

لندن اولمپکس کے باضابطہ آغاز سے دو روز قبل ان کھیلوں کا آغاز خواتین کے فٹ بال مقابلوں سے ہو گیا ہے۔ اس موقع پر شمالی کوریا کی ٹیم نےغلط قومی پرچم دکھانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا، اور یوں یہ میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

تصویر: Reuters

بدھ کے دن لندن اولمپک کمیٹی کی طرف سے کی گئی ایک غلطی کے نتیجے میں شمالی کوریا کی خواتین فٹ بال ٹیم نے اپنا میچ کھیلنے سے احتجاجی طور پر انکار کر دیا۔ شمالی کوریا کی ٹیم اس وقت میدان سے باہر چلی گئی، جب اسٹیڈیم میں نصب بڑی اسکرین پر ان کھلاڑیوں کے ناموں کے ساتھ جنوبی کوریا کا پرچم دکھا دیا گیا۔ یہ امر اہم ہے کہ جزیرہ نما کوریا کے یہ دونوں ممالک سرکاری طور پر ایک دوسرے کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں۔

منتظمین کی طرف معذرت کے بعد یہ میچ قریب ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ کولمبیا کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں شمالی کوریا کی خواتین ٹیم نے صفر دو سے کامیابی حاصل کر لی۔ بعد ازاں منتظمین نے اپنی ویب سائٹ پر اس غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ان کی کوشش ہو گی کہ اس طرح کی غلطی دوبارہ سرزد نہ ہو۔

یونانی ایتھلیٹ Paraskevi Papachristouتصویر: AP

لندن اولمپکس2012ء کے افتتاحی میچ میں برطانیہ کی خواتین ٹیم نے نیوزی لینڈ کو صفر ایک سے شکست دے دی۔ کارڈف کے ملینیئم اسٹیڈیم میں کھیلے گئےاس اہم میچ میں برطانوی خاتون کھلاڑی اسٹیفینی ہاؤٹن نے دوسرے ہاف میں ایک فری کک پر گول کر کے اپنی ٹیم کو یہ میچ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے قریب چالیس ہزار تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سخت سکیورٹی کی وجہ سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے میں پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

لندن اولمپک مقابلوں کے سلسلے میں گزشتہ روز مجموعی طور پر خواتین کے چھ فٹ بال میچ کھیلے گئے۔ دیگر میچوں میں امریکا نے فرانس کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی، جاپان کی فٹ بال ٹیم نے کینیڈا کی خواتین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا، جنوبی کوریا کی ٹیم سویڈن سے چار صفر سے ہار گئی جبکہ برازیل کی خواتین نے کیمرون کی ٹیم کو پانچ صفر سے مات دی۔

لندن اولمپک مقابلوں سے قبل دس ایتھلیٹس پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نو ایتھلیٹ ڈوپنگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے جبکہ یونان کی نمائندگی کرنے والی ٹرپل جمپر خاتون ایتھلیٹ Paraskevi Papachristou ایک متنازعہ ٹوئٹ کی وجہ سے پابندی کی زد میں آئیں۔ اس خاتون ایتھلیٹ نے مبینہ طور پر نسل پرستی پر مبنی ایک ٹوئٹ کیا۔ کھیلوں کی منتظم کمیٹی نے کہا ہے کہ Papachristou کا ٹوئٹر اولمپک کھیلوں کی اقدار کے خلاف تھا، اس لیے ان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

Paraskevi Papachristou نے اپنے ٹوئٹر پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ مقصد ہر گز نہیں تھا کہ ان کے اس مذاق سے کسی کی دل آزاری ہو۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرتی ہیں اور کسی قسم کے نسلی امتیاز کے حق میں نہیں ہیں۔

لندن اولمپک مقابلوں کی افتتاحی تقریب ستائس جولائی کو منعقد کی جائے۔ اٹھارہ روز تک جاری رہنے والے ان مقابلوں کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ab/sks (AFP,Reuters)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں