لندن جانے والے مسافر طیارے کی جرمنی میں ہنگامی لینڈنگ
14 نومبر 2022
حکام نے بتایا کہ ہنگامی لینڈنگ اس لیے کروائی گئی تا کہ پولیس طیارے کی مکمل تلاشی لے سکے۔ طیارے کو اتارنے کا مطالبہ پولش ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے بم کے خطرے کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد کیا گیا۔
ایک اور بھارتی مسافر طیارے کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ
پولیس کا کہنا تھا کہ ہنگری کے ایک کیریئر کے ذریعے چلنے والے ایئربس اے 321 طیارے کی تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ یہ طیارہ اتوار کو دیر گئے مغربی پولینڈ کے شہر پوسن سے لندن کے لوٹن ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوا تھا۔ اسے رات دس بج کر پانچ منٹ پر پاڈربورن- لِپشٹڈ کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے لیے مجبور ہونا پڑا۔
طیارے کی مکمل تلاشی کے لیے پولیس کے خصوصی طور پر تربیت یافتہ کتوں کا استعمال کیا گیا۔ بم کی اطلاع سے متعلق ٹیلی فون کے ذریعے موصول ہونے والی دھمکی کی مزید معلومات فی الحال دستیاب نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے کہا کہ پیر کو اپنا سفر جاری رکھنے سے پہلے 199 مسافروں اور عملے کے 7 ارکان کو رات بھر مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا۔
جب دہلی اور دبئی کے درمیان کی بھارتی فلائٹ کو مجبوراً کراچی میں اترنا پڑا
پاڈربورن کا شمار جرمنی کے چھوٹے ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے، اس سبب ایک طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے یہاں پر اترنے والی دیگر طے شدہ پروازوں کا رخ ڈوسلڈورف کی طرف موڑ دیا گیا تاکہ ایئرپورٹ کا عملہ ہنگامی لینڈنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹ سکے۔ پاڈربورن ہوائی اڈے کو پیر کی صبح سویرے میونخ جانے والی پرواز کے ساتھ شیڈول کے مطابق دوبارہ کھول دیا گیا۔
ش ر⁄ ع ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)