فارمولا ون عالمی چیمپئن لوئیس ہیملٹن بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کووڈ پازیٹو ہونے کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
اشتہار
فارمولا ون کے منتظم ادارے ایف آئی اے نے تصدیق کر دی ہے کہ سات مرتبہ کے عالمی چیمپئن لوئیس ہیملٹن کا کووڈ ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور یوں وہ آئندہ ویک اینڈ پر بحرین میں ہونے والی الصخیر گراں پری میں شرکت نہیں کریں گے۔
مرسیڈیز ٹیم نے کہا ہے کہ اس ریس کے لیے لوئیس ہیمٹن کی جگہ کسی اور ڈرائیور کو موقع دیا جائے گا۔ مرسیڈیز کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ کووڈ کا شکار ہونے کے بعد ہیملٹن قرنطینہ میں ہیں۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ہیملٹن کےکورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث بحرین گراں پری متاثر نہیں ہو گی بلکہ یہ پروگرام کے مطابق ہی منعقد کی جائے گی۔
اس بیان میں مزید کہا گیا، ''کووڈ انیس کے پروٹوکولز اور پبلک ہیلتھ اتھارٹی گائیڈ لائنز کے مطابق اب ہیملٹن تنہائی میں چلے گئے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو بحرین کے اسی سرکٹ پر ہوئی بحرین گراں پری میں ہیملٹن فاتح قرار پائے تھے۔
فٹ بال کے دیس اسپین میں کرکٹ کے رنگ
04:56
مرسیڈیز ٹیم نے بتایا ہے کہ پینتیس سالہ ہیملٹن میں کووڈ کی ‘ہلکی علامات‘ نوٹ کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تاہم وہ 'فٹ اور تندرست‘ ہیں، ''وہ پیر کی صبح جاگے تو ان کی طبعیت ناساز تھی اور انہوں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کر دیا۔ ٹیسٹ کے بعد وہ کورونا میں مبتلا پائے گئے۔
مرسیڈیز ٹیم نے مزید بتایا کہ فارمولا ون کے سخت قوانین کے تحت گزشتہ ہفتے کے دوران برطانوی ڈرائیور ہیملٹن کا تین مرتبہ کووڈ ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
فارمولا ون کے کووڈ متاثرہ رواں سیزن میں بھی ہیملٹن سب سے آگے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر وہ گیارہ ریسیں جیت کر 332 پواینٹس حاصل کر چکے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر مرسیڈیز ٹیم کے ہی ڈرائیور ولاری بوٹاس ہیں، جنہوں نے دو ریسیں جیت کر 201 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
ریڈ بل ٹیم کے ڈرائیور ماکس فرسٹاپن 189پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ابھی تک انہوں نے صرف ایک ہی ریس میں کامیابی حاصل کی ہے۔
گراں پری کے سلسلے میں ایک ریس جیتنے والے ڈرائیور کو پچیس پوائنٹس ملتے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو اٹھارہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور کو پندرہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔
ع ب / ع س / خبر رساں ادارے
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
ہالی وُوڈ سے بالی وُوڈ تک، کئی اہم فلمی شخصیات کورونا وائرس کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔ ان کے علاوہ کئی نامی سیاستدانوں کو بھی کووڈ انیس کی بیماری نے اپنی گرفت میں لیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/E. Chesnokova
رابرٹ پیٹینسن
چونتیس سالہ اداکار رابرٹ پیٹینسن نے فلم ’ٹوائلائٹ‘ میں ایک ایسے خونخوار مردے کا کردار ادا کیا تھا، جو رات کو باہر نکلتا تھا۔ وہ ’بیٹمین‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ فلم بیٹمین میں پہلے بین ایفلیک کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/E. Chesnokova
ڈوائن جانسن: دا راک
امریکا کے مشہور ریسلر یا پہلوان ’دا راک‘ کا اصلی نام ڈوائن جانسن ہے۔ وہ ہالی وُوڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں۔ ان کو بیوی اور دو بیٹیوں سمیت کورونا وائرس نے گرفت میں لے لیا تھا۔ اب سبھی اس بیماری کے چنگل سے نکل آئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ ماسک پہن کر رہیں کیونکہ اسی میں بہتری ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Shotwell
فٹ بالر نیمار
مشہور و معروف برازیلی فٹ بالر نیمار، فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ کلب کے تین کھلاڑیوں کے دو ستمبر سن 2020 کو کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ کلب کے کھلاڑیوں میں اس بیماری کی وبا پھوٹنے کو ٹیم کے ہسپانوی تفریحی جزیرے ابیٹسا کے دورے کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ نیمار کے ساتھ ان کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/D. Ramos
سلویو برلسکونی
تراسی سالہ اطالوی سیاستدان اور سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کا اعلان ان کی سیاسی جماعت نے دو ستمبر سن 2020 کو کیا۔ ان کے دو بیٹے اور تیس سالہ خاتون دوست کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وہ سارڈینا کی ساحلی پٹی پر چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Vojinovic
یُوسین بولٹ
تیز رفتار دوڑنے کے مقابلے میں لیجنڈ کا درجہ رکھنے والے یوسین بولٹ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ ان کا وائرس ٹیسٹ ان کی چونتیسویں سالگرہ کی آؤٹ ڈور پارٹی کے بعد سامنے آیا۔ اس پارٹی میں مہمانوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔ وہ ایک سو میٹر اور دو سو میٹر کی دوڑ میں ریکارڈ رکھتے ہیں۔
تصویر: Reuters/M. Childs
انٹونیو بینڈراس
ہسپانوی اداکار انٹونیو بینڈراس کو اپنی ساٹھویں سالگرہ پر حیران کن انداز میں کورونا وائرس کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ انہیں اپنی سالگرہ کا دن آئسولیشن یا قرنطینہ میں گزارنا پڑا۔ رواں برس کے مہینے اگست کے وسط میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اب وہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/Captital Pictures
امیتابھ بچن اور خاندان
بھارت فلمی صنعت بالی وُوڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کا تقریباً سارا خاندان ہی جولائی میں کورونا وائرس کی گرفت میں آ گیا تھا۔ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، اداکارہ بہو اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کے ساتھ پوتی آرادیا کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر، ان کو ہسپتال داخل کر دیا گیا تھا۔ اب سبھی رُو بہ صحت ہو چکے ہیں۔ ان کی بیوی جیا بچن کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
تصویر: AFP/Getty Images/S. Jaiswal
جائیر بولسونارو
برازیل کے صدر جائیر بولسونارو کورونا وائرس کی وبا کو محض نزلہ زکام قرار دیتے رہے ہیں اور پھر جولائی سن 2020 میں ان کو کورونا وائرس نے آن دبوچا۔ انہیں کورونا وبا اور دیگر احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے پر ملک اور بیرون ملک شدید تنقید کا سامنا رہا۔ ان کے بیٹے اور بیوی کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/E. Peres
ٹام ہینکس
امریکی فلمی صنعت ہالی وُوڈ کے مشہور اداکار ٹام ہینکس اور ان کی گلوکارہ و اداکارہ بیوی ریٹا ولسن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں۔ وہ اس وبا کی لپیٹ میں آنے والی ابتدائی مشہور شخصیات میں سے تھے۔ ہینکس اور ان کی بیوی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران وائرس نے جکڑ لیا تھا۔ اب وہ صحت یاب ہو کر واپس امریکا لوٹ چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP/Invision/J. Strauss
صوفی گریگوئر ٹروڈو
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کا ٹیسٹ برطانوی دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مثبت آیا تھا۔ بیوی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کینیڈین وزیر اعظم نے خود کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ کر لیا تھا۔
تصویر: Reuters/P. Doyle
بورس جانسن
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی رواں برس مارچ میں کورونا کی گرفت میں آ گئے تھے۔ ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ ایک ہفتہ ہسپتال میں داخل رہے تھے۔ ہسپتال میں انہیں آکسیجن فراہم کی گئی اور معالجین مسلسل ان کی علالت پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔