1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ، پاکستانی پنجاب میں کاروبار بند

21 جولائی 2009

آل پاکستان انجمن تاجران کی اپیل پر آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہڑتال کی جار ہی ہے۔ صوبے کے تمام بڑے شہروں میں تاجر تنظیموں نے منگل کے روز کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر: DW
پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹرز کی فروخت بڑھ جاتی ہےتصویر: DW

لاہور سمیت کئی شہروں میں ایوان ہائے صنعت و تجارت کی طرف سے بھی اس ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ کئی گڈز ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اور تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیر کو پیہہ جام ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

پاکستان بھر میں بجلی کا بحران سنگین صورت اختیار کرچکا ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں عوامی احتجاج بڑھتا جا رہا ہے۔ پنجاب کے بڑے شہروں اور کراچی میں صورت حال کافی خراب ہو چکی ہے۔ فیصل آباد ، لاہوراور کراچی سمیت ملک کے درجنوں علاقوں میں پیر کو لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں ملتان روڈ، فیروز پور روڈ اور جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرین کے غیض و غضب کا نشانہ پولیس اور واپڈا کے اہلکار بھی بنتے رہے۔ ایک روز پہلے چئیرمین واپڈا کے گھر کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیاتھا۔

ڈوئچے ویلے سے گفتگو میں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر حاجی مقصود بٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ منگل کو پنجاب بھر میں ہونے والی ہڑتال انتہائی کامیاب ہو گی۔ ان کے مطابق 16-16 گھنٹے تک جاری رہنے والی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تاجروں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں اور لوگ فاقوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

ان کے مطابق ملک کے مراعات یافتہ طبقوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں لوڈ شیڈنگ کی تکلیفوں کا اندازہ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت بار بار جھوٹے وعدے کر کے اپنا اعتماد کھو چکی ہے۔ اگر حکومت نے منگل کو ہونے والی تاجروں کی ہڑتال کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئی موثر اقدامات نہ کئے تو پھر ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی۔

انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ تاجر نواز شریف کے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے ہڑتالیں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہڑتال کرنے والوں کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے اور نہ ہی ان کی حمایت کر رہی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں عوام بجلی کی بندش پر سراپا احتجاج رہتے ہیںتصویر: AP

ادھر مقامی تاجر رہنما اور انجمن تاجران سینٹری وئیر لاہور کے نائب صدر میاں محمد سلیم نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ لاہور کی تمام مارکیٹوں میں تاجروں کی ہڑتال کے سرکلر جاری کر دئے گئے ہیں ،ان کے مطابق پنجاب میں منگل کو تاجروں نے ریلیاں نکالنے ، احتجاجی کیمپ لگانے اور احتجاجی جلسے منعقد کرنے کا پروگرام بھی بنایا ہے۔

ادھر پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی کے ایک سینئر اہلکار نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی کی ہدایت پر پیپکو کے ایک وفد نے تاجروں کے رہنمائوں سے ملاقات کر کے انہیں پیش کش کی ہے کہ وہ لوڈ منیجمنٹ کمیٹیوں میں تاجر رہنمائوں کی شمولیت کیلئے اپنے نمائندوں کے نام دیں تا کہ تاجروں کی مرضی کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا پروگرام تشکیل دیا جا سکے لیکن اس پیش کش کے باوجود تاجروں نے ہڑتال کی کال واپس لینے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ تاجروں کا ایک بہت مختصر گروہ ایسا بھی ہے جس نے اس ہڑتال میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: ندیم گل

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں