لوگوں کا خدا پر ایمان کم ہوتا جا رہا ہے، جرمن بشپ
10 ستمبر 2023
جرمن دارالحکومت برلن میں ہونے والی سالانہ بشپس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے جرمن بشپس کانفرنس کے سربراہ گیئورگ بیٹسگ نے کہا ہے کہ جرمنی میں مذہب کی جانب رغبت کم ہوتی جا رہی ہے اور اب لوگوں میں کلیسا جانے کا رجحان بھی کم ہو رہا ہے۔ گیئورگ بیٹسگ نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں سے مسیحی مذہب کے ماننے والوں نے کلیساؤں سے دوری اختیار کی ہوئی ہے۔
چرچ کا کام لوگوں کی درست رہنمائی
اس بشپس کانفرنس میں 500 افراد نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بشپ گیئورگ بیٹسگ نے مزید کہا کہ لوگوں کا خدا کی وحدانیت پر سے یقین اٹھتا جا رہا ہے۔ ان کے بقول کلیسا کا کام لوگوں کی درست رہنمائی کرنا اور دلوں کو جیتنا ہے۔
بیٹسگ نے چرچ کی تاریخی حیثیت بتاتے ہوئے کہا کہ پرانے وقتوں میں لوگ خدا پر یقین رکھتے تھے اور یہ سلسلہ نسل در نسل چلتا تھا، جو کہ اب ختم ہوتا جا رہا ہے۔
اب چرچ کو کیا کرنا ہوگا؟
بیٹسگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جرمنی میں لوگوں کی بڑی تعداد اب مذہبی رسومات میں شرکت کرنے کے لیے کلیساؤں کا رخ نہیں کرتی ان کے بقول لوگوں کو مذہب کی جانب مائل کرنے کے لیے چرچ کو نئے راستے اختیار کرنا ہوں گے اور ضرورت اس امر کی ہےکہ جرمنی میں چرچ سماجی ومعاشرتی معاملات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اش / ع ا