لڑکيوں کی فلاح و بہبود ميں سرمايہ کاری لازمی، اقوام متحدہ
عاصم سلیم
1 دسمبر 2016
اقوام متحدہ کے مطابق دنيا کی مجموعی آبادی سال رواں کے دوران معمولی اضافے کے ساتھ اب قريب ساڑھے سات بلين ہو گئی ہے۔ ادارے نے اپنی سالانہ رپورٹ ميں لڑکيوں کے ليے حالات بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے۔
اشتہار
عالمی سطح پر نوجوانوں کی تعداد ميں اضافہ نوٹ کيا گيا ہے، جس سے تمام ممالک اور سماجی نظاموں کے ليے نئے چيلنجز کھڑے ہو گئے ہيں۔ يہ انکشافات اقوام متحدہ کی جانب سے جمعرات يکم دسمبر کے روز کيے گئے۔ ’يونائیٹڈ نيشنز پاپوليشن فنڈ‘ نے اردن کے دارالحکومت عمان ميں اپنی سالانہ ’اسٹيٹ آف دا ورلڈ پاپوليشن‘ نامی رپورٹ جاری کی۔
اس موقع پر ادارے کے علاقائی کوآرڈينيٹر ڈينيل بيکر نے اس پيش رفت کے ممکنہ منفی و مثبت اثرات و نتائج کے بارے ميں بات چيت کی۔ انہوں نے بالخصوص عالمی سطح پر چوبيس برس سے کم عمر کے نوجوانوں ميں صنفی عدم مساوات کا بھی ذکر کيا۔ بيکر کے بقول لڑکيوں کے ليے مواقع پيدا کرنے ميں سرمايہ کاری نہ کرنا بالکل ايسا ہی ہے کہ جيسے غربت کی جانب بڑھا جا رہا ہو۔ انہوں نے کہا، ’’جب تک ہم اس ضمن ميں سرمايہ کاری نہيں کرتے، ہم مستقبل ميں غربت کی طرف بڑھ رہے ہيں۔‘‘
اقوام متحدہ کی اس رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے ميں اس سال دنيا کی آبادی ميں ايک اعشاريہ ايک فيصد کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ برس مجموعی آبادی 7.349 بلين تھی جبکہ اس سال آبادی 7.433 بلين ہے۔
عورت معاشرے کا ہمہ گیر کردار
دیگر معاشروں کی طرح پاکستان میں بھی عورت زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرتی نظر آتی ہے۔ معاشی بوجھ تلے دبے طبقے سے تعلق رکھتی ہو یا خوشحال اور تعلیم یافتہ گھرانے سے، وہ اپنے فرائض بخوبی انجام دینے کی کوشش کرتی ہے۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
انسانیت کی خدمت پر مامور
انسانیت کی خدمت پر مامور نرسوں کو آج بھی پاکستان میں معتبر رتبہ نہیں دیا جاتا۔ انتہائی مشکل حالات میں تعیلم اور تربیت حاصل کرنے اور پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے کے بعد نرسوں کو گوناگوں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
کردار تبدیل ہوتے ہوئے
معاشی بوجھ تلے دبے خاندان کی عورت 75 سال کی عمر میں بھی با عزت طریقے سے اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے چھوٹے سے کھوکھے پر چھوٹی موٹی اشیا فروخت کر رہی ہے۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
کوزہ گری ایک فن
مٹی سے خوبصورت کوزے اور کونڈے بنانے والی یہ خواتین برسوں سے کوزہ گری کا کام کر رہی ہیں۔ کئی پشتوں سے اس کام کو سرانجام دینے والے یہ خواتین اپنے خاندانوں کی لیے ذریعے معاش بنی ہوئی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
نڈر خواتین
پولیو کے خلاف مہم میں خواتین کا کردار اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ شدت پسند حلقوں کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں اور حملوں کے باوجود اس مہم میں کئی ہزار خواتین حصہ لے رہی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
گھریلو اخراجات اٹھانے والی
مچھلی فروش زرین کا تعلق خانہ بدوش قبیلے سے ہے جو قبیلے کی دیگر خواتین کے ساتھ شہر میں جگہ جگہ ٹھیلے لگا کر گھریلو اخراجات کا بوجھ اٹھانے میں اپنے مردوں کی مدد کرتی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
بیوٹی پارلرز
جن خواتین کو گھرں سے نکل کر مردوں کے ہمراہ کام کرنے کی اجازت نہیں ملتی وہ شہر کے گلی کوچوں میں کُھلے بیوٹی پارلرز میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں جہاں وہ دن کے آٹھ گھنٹے صرف ساتھی خواتین کے ساتھ ہی وقت گزارتی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
گھریلو ملازمائیں
پاکستان کی لاکھوں گھریلو ملازمائیں انتہائی کم اجرت کے عوض 16 گھنٹے سے زائد مشقت کرنے پر مجبور ہیں۔ ان میں زیادہ تر خواتین اپنے گھروں کی واحد کفیل ہوتی ہیں۔ ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ ان خواتین کے شوہر بے روزگار ہونے یا نشے کے عادی ہونے کے باعث ان کی مالی امداد نہیں کر پاتے۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
یہ بھی پاکستانی خواتین ہیں
چند دہائیوں قبل تک پاکستان میں ماڈلنگ کے شعبے سے وابسطہ خواتین کو معاشرے میں تنقیدی نگاہوں سے دیکھا جاتا تھا۔ اب فیشن انڈسٹری میں خواتین کی شمولیت اور کردار کو قبول کیا جا رہا ہے۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
تمام کام خوش اسلوبی سے
عورت پر کام کا بوُجھ جتنا بھی ہو وہ اپنی فطری ذمہ داری کو نظر انداز نہیں کرتی۔ محنت کرنا، کمانا اور بچوں کو سنبھالنا وہ بھی خوش اسلوبی سے۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
سماجی سرگرمیاں
ایسے فیسٹیول معنقد ہو رہے ہیں جن میں خواتین اپنے ہنر کا بھر پور فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ چاہے اشیاءِ خوردونوش کا اسٹال ہو یا آرٹ اینڈ کرافٹس، خواتین ان میلوں میں بھر پور طرح سے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کر رہی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
سماجی مہم میں بھی پیش پیش
’کراچی کو خوبصورت بنانے اور امن کا پیغام دینے‘ کے لیے مردوں کے ہمراہ خواتین بھی شانہ بشانہ کام کرتی ہوئی نظر آئیں۔ خواتین صرف گھروں یا آفس تک محدود نہیں بلکہ ہر جگہ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
سنگھارعورت کا فطری شوق
سڑک کنارے میوہ جات فروخت کرنے کے دوران خواتین ایک دوسرے کو مہندی لگا کر اپنا دل بھی بہلا لیتی ہیں اور بننے سنورنے کا سامان بھی کر لیتی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
کیا خاندان کا معاشی بوُجھ صرف مرد اُٹھاتے ہیں؟
دفتر ہو یا دیگر کام یا چاہے گھر کی ضروریات پوری کرنے کے لیےسڑک پر بیٹھ کر تربوز بیچنے کا ٹھیلہ ہی کیوں نہ لگانہ پڑے، خواتین کہیں پیچھے نہیں ہٹتیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
فیشن کی صنعت ترقی کی طرف گامزن
پاکستان میں فیشن کی صنعت روز بروز ترقی کر رہی ہے۔ اسی حوالے سے ہونے والے فیشن شُوز بھی اب معمول کا حصہ ہیں اور ان کے انتظام سے سے لے کر آرائش تک ہر جگہ خواتین جلوہ گر نظر آتی ہیں۔
تصویر: DW/Unbreen Fatima
14 تصاویر1 | 14
اس رپورٹ ميں دس سالہ لڑکيوں کی صورتحال کو ترقی ميں کاميابی يا ناکامی سے جوڑا گيا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنيا بھر ميں اس وقت دس سال کی عمر کے 125 ملين بچے موجود ہيں، جن کی 89 فيصد تعداد ترقی پذير ممالک ميں مقيم ہے، جہاں لڑکيوں کو تعليم کی فراہمی، طبی سہوليات کا ميسر ہونا اور تحفظ جيسے معاملات ميں شديد مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اس رپورٹ ميں يہ بھی کہا گيا ہے ترقی پذير ممالک اضافی اکيس بلين ڈالر سالانہ حاصل کر سکتے ہیں يا گنوا بھی سکتے ہيں اور اس کا دارومدار اس پر ہے کہ وہ اپنے ملک کی دس سالہ لڑکيوں کو بنيادی سہوليات فراہم کرنے ميں کس قدر فعال کردار ادا کرتے ہيں۔