1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافغانستان

لڑکیوں کے اسکول کھلنے چاہییں، طالبان کے نائب وزیر خارجہ

20 جنوری 2025

افغانستان میں طالبان حکومت کے نائب وزیر خارجہ نے اپنی لیڈر شپ سے کہا ہے کہ ملک میں لڑکیوں کے ہائی اسکول کھول دینے چاہیں۔ لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے سبب طالبان حکومت کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔

ایک کلاس روم میں موجود افغان طالبات
افغانستان میں طالبان حکومت کے نائب وزیر خارجہ نے اپنی لیڈر شپ سے کہا ہے کہ ملک میں لڑکیوں کے ہائی اسکول کھول دینے چاہیں۔تصویر: Shabnam Alokozay/DW

شیر محمد عباس ستانکزئی نے اختتام ہفتہ پر اپنے ایک خطاب میں کہا کہ لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم پر پابندیاں شریعت کے قوانین سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ خیال رہے کہ ستانکزئی، 2021ء میں امریکی افواج کے افغانستان سے انخلاء سے قبل دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان کے وفد کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔

افغانستان: لڑکیوں کو سیکنڈری اسکول سے محروم ہوئے ایک ہزار دن گزر گئے

طالبان ملک میں انسانی حقوق کی ذمہ داریاں پوری کریں، اقوام متحدہ

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق اپنے خطاب میں شیر محمد عباس ستانکزئی کا کہنا تھا، ''ہم اسلامی امارت کے رہنماؤں سے درخواست کرتے ہیں کہ تعلیم کے دروازے کھول دیں... پیغمبر اسلام کے دور میں علم کے دروازے مرد اور خواتین دونوں کے لیے کھلے تھے۔‘‘

طالبان ذرائع اور سفارتی حکام کی طرف سے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا جاتا رہا ہے کہ اس معاملے پر طالبان کے اندر بھی کسی حد تک عدم اتفاق ہے مگر یہ پابندی طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔تصویر: Mohd Rasfan/AFP/Getty Images

انہوں نے افغانستان میں خواتین کی آبادی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا، ''آج 40 ملین کی آبادی میں سے ہم 20 ملین کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں۔‘‘

ستانکزئی کے ان الفاظ کو طالبان حکام کی طرف سے لڑکیوں کے اسکول بند کیے جانے کے خلاف طالبان کے اپنے ارکان کی طرف سے کی جانے والی سخت ترین تنقید میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ طالبان ذرائع اور سفارتی حکام کی طرف سے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا جاتا رہا ہے کہ اس معاملے پر طالبان کے اندر بھی کسی حد تک عدم اتفاق ہے مگر یہ پابندی طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔

طالبان کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ وہ اسلام کی اپنی توجیح اور افغانستان کی ثقافت کے مطابق خواتین کے حقوق کا احترام کرتے ہیں۔

2022ء کے آخر میں افغان خواتین کے لیے یونیورسٹیوں کے دروازے بھی بند کر دیے گئے۔تصویر: Shabnam Alokozay/DW

اگست 2021ء میں اقتدار میں لوٹنے کے بعد طالبان نے 2022ء میںلڑکیوں کے ہائی اسکول کھولنے کے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا تھا اور اس وقت کے بعد سے ان کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ ان اسکولوں کو کھولنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، تاہم اس کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا جا رہا۔

2022ء کے آخر میں افغان خواتین کے لیے یونیورسٹیوں کے دروازے بھی بند کر دیے گئے۔

طالبان حکمرانوں کی ان پالیسیوں کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جن میں اسلامی اسکالرز بھی شامل ہیں۔ مغربی سفارتکاروں کے مطابق طالبان حکومت کو تسلیم کیے جانے کی راہ میں خواتین کے حوالے سے ان کی ایسی پابندیاں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ 

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ستانکزئی کے اس خطاب کے بارے میں رائے لینے کے لیے افغانستان کے شمالی شہر قندھار میں طالبان کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا مگر اس پر فوری جواب نہیں ملا۔ خیال رہے کہ طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ قندھار ہی میں ہوتے ہیں۔

افغانستان: لڑکیوں کی تعلیم صرف پرائمری اسکول تک

01:52

This browser does not support the video element.

ا ب ا/ک م (روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں