1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا: انتقال اقتدار کا ابتدائی مرحلہ مکمل

9 اگست 2012

شمالی افریقہ کے مسلمان عرب ملک لیبیا میں مقتول معمر القذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد بدھ کے دن پہلی دستور ساز اسمبلی کے اولین سیشن میں عبوری حکومت نے اقتدار کی باگ ڈور اسمبلی کو منتقل کر دی ہے۔

تصویر: DW

معمر القذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد قائم ہونے والی عبوری حکومت نے ایک باوقار تقریب کے دوران انتہائی پرامن انداز میں اقتدار نئی پارلیمان کو منتقل کر دیا ہے۔

اس موقع پر قومی عبوری کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیبیا کی حکومت کا انتظام اب دستور ساز اسمبلی جنرل نیشنل کانگرس کے سپرد کرتے ہیں۔ مصطفیٰ عبدالجلیل نے نیشنل کانگریس کے اراکین کو لیبیا کے عوام کے حقیقی اور جائز نمائندے قرار دیا۔ نئی پارلیمان کے معرض وجود میں آنے کے بعد قومی عبوری کونسل کو تحلیل کر دیا جائے گا۔

عبوری قومی کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل انتقال اقتدار کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئےتصویر: reuters

مصطفیٰ عبدالجلیل نے حکومت کی باگ ڈور دو سو رکنی نیشنل کانگریس کے سب سے بڑی عمر کے رکن محمد علی سلیم کے حوالے کی۔ نئی پارلیمان کے ارکین سے حلف بھی محمد علی سلیم نے لیا۔ یہ انتقال اقتدار کی ایک علامتی شکل تھی۔ اب دستور ساز پارلیمان نئی حکومت کے سلسلے میں ایک وزیراعظم کو منتخب کرے گی اور یہ کانگریس ایک معین وقت میں لیبیا کے لیے نیا دستور بھی مرتب کرے گی۔ نیا دستور مرتب کرنے کی ذمہ داری نئی پارلیمان کی ساٹھ رکنی کمیٹی کو تفویض کی جائے گی۔ نئے دستور کی منظوری اور اس کے نفاذ کے بعد نئے انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ نیشنل کانگریس کا انتخاب سات جولائی کو عمل میں آیا تھا۔

ماہ رمضان کی وجہ سے انتقال اقتدار کی تقریب افطار کے بعد شیڈیول کی گئی تھی۔ اس خصوصی تقریب کے لیے لیبیا کے دارالحکومت کے ایک بڑے ہوٹل کے کانفرنس روم کو منتخب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔

پارلیمنٹ کے اجلاس کو عوام کی فتح سے تعبیر کیا گیا ہےتصویر: AP

دوسرے بڑے شہر بن غازی میں بھی سکیورٹی چوکس تھی کیونکہ وہاں پرتشدد واقعات کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی LANA کے مطابق لیبیا کی نئی اسمبلی اگلے ایک ہفتے میں اپنے کام کا آغاز کر دے گی۔ وزارت داخلہ نے طرابلس میں نیشنل کانگریس کے اجلاس کے سلسلے میں ان تمام سڑکوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جو ہوٹل کی جانب جاتی تھیں۔ طرابلس کے مرکزی چوک شہدا میں سینکڑوں افراد نے انتقال اقتدار کے موقع پر ہونے والے آتش بازی کے مظاہرے سے لطف لیا۔

لیبیا کی نیشنل کانگریس کی اسی نشستوں کا انتخاب براہ راست کیا گیا تھا اور ان میں انتالیس پر لبرل اتحاد نے کامیابی حاصل کی تھی۔ لبرل اتحاد کی قیادت سابق وزیراعظم محمود جبریل کر رہے ہیں۔ ایوان کی ایک سو بیس سیٹیں آزاد اراکین کے پاس ہیں اور یہی آزاد ممبران حکومت سازی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ تمام حکومتی فیصلوں کی منظوری دوتہائی اراکین سے لی جائے گی۔ محمود جبریل کا لبرل اتحاد اور مذہبی تنظیم اخوان المسلمون کی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ کنسٹرکشن پارٹی اس وقت سیاسی جوڑتوڑ میں مصروف بتائی جاتی ہیں۔ بعض آزاد امیدوار اپنا اتحاد یا سیاسی پلیٹ فارم بھی قائم کرنے والے ہیں۔

ah/ab (AFP, Reuters)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں