1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا میں امن بات چیت کے آغاز کا امکان

عدنان اسحاق10 اپریل 2015

لیبیا میں آج کل دو حکومتیں قائم ہیں۔ حکومت اور متحارب گروپوں کے مابین طویل عرصے سے جار ی مذاکرات کا سلسلہ ابھی تک بے نتیجہ ہی رہا ہے۔ ماہرین صورتحال سے خبردار کر رہے ہیں۔

تصویر: Reuters/G. Tomasevic

لیبیا کے حکومت اور متحارب گروپوں کے مابین جاری امن بات چیت کی طوالت کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ان حالات میں اس مسئلے کے سیاسی حل کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں اور اس طرح ملک میں لڑائی مزید شدید ہو سکتی ہے اور اسلامی انتہا پسندی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی پشت پناہی کے ساتھ 2011ء میں معمر قذافی کے خلاف شروع ہونے والی تحریک کے بعد سے لیبیا مختلف مسلح تنازعات کا شکار ہے۔ حکومت اور طاقت ور ملیشیا گروہ تیل کی دولت سے مالا مال اس ملک کے مختلف حصوں پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ ان حالات میں لیبیا میں قائم دو پارلیمانوں کے وفود اقوام متحدہ کے زیر انتظام ایک مرکزی حکومت کے قیام کے لیے ہونے والے مذکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم کئی ہفتوں سے جاری یہ بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔

تصویر: DW/M. Olivesi

اقوام متحدہ کے مشن کے ایک نمائندے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بات چیت تعطّل کا شکار ہو گئی تھی تاہم اس اختتام ہفتے پر اس کے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔‘‘

اس بات چیت کے دوران چھ نکات پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں اُس وقت تک ایک عبوری حکومت کے قیام بھی شامل ہے، جب تک نئے آئین پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا اور انتخابات نہیں کرائے جاتے۔

بین الاقوامی سطح پر قیام امن کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے سے منسلک فریڈرک ویہرے کہتے ہیں،’’ دونوں اطراف معتدل موقف رکھنے والے افراد ہیں، جو لڑائی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان افراد کا خیال ہے کہ اسلامی انتہاپسندی کا خاتمہ ایک متحدہ مرکزی حکومت کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے‘‘۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ فریقین میں سخت گیر موقف کے حامل افراد بھی موجود ہیں، جو اپنے نجی مفادات کی وجہ سے فائر بندی اور ایک حکوت کے حق میں نہیں ہیں۔

لیبیا میں دو پارلیمان اور دو متوازی حکومتیں قائم ہیں۔ اگست میں باغی گروپوں نے حملہ کرتے ہوئے طرابلس پر قبضہ کر لیا تھا اور اپنی ایک حکومت قائم کر لی تھی جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جانے والی وزیر اعظم عبداللہ الثانی کی حکومت مشرقی سرحد کے قریب ایک دور افتادہ قصبے میں قائم ہے۔ حکومت اور متحارب گروپوں کے مابین اس لڑائی میں ایک اندازے کے مطابق تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں