1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستافریقہ

لیبیا: وزیر خارجہ کی معطلی کی کوشش ، سیاسی بحران میں اضافہ

8 نومبر 2021

لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دیبہ کا کہنا ہے کہ نئی تشکیل شدہ صدارتی کونسل کو وزیر خارجہ نجلا المنقوش کو معطل کرنے کا حق نہیں ہے۔ اس سے قبل وزیر خارجہ پر ’’انتظامی امور کی خلاف ورزیوں‘‘ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

Libyen Außenministerin Najla Mangoush
تصویر: RYAD KRAMDI/AFP

لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دیبہ کے دفتر نے سات نومبر اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس برس فروری میں ملک کی جو نئی صدارتی کونسل تشکیل دی گئی تھی، اسے  وزیر خارجہ نجلا المنقوش سمیت کسی بھی وزیر کو معطل کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔

یہ بیان کونسل کے سربراہ محمد المنفی کے اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے وزیر خارجہ نجلا المنقوش کو کونسل سے 14 روز کے لیے معطل کرنے اور ان کے سفر پر پابندی عائد کرنے کی بات کی تھی۔ آئندہ جمعے کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں لیبیا کے موضوع پر ایک بڑی کانفرنس ہونے والی ہے جس میں شرکت کے لیے نجلا پیرس جانے والی تھیں۔

ایک ترجمان نجلا واہبہ نے اس سلسلے میں سرکاری ٹی وی پربیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدارتی کونسل نے نجلا پر خارجہ پالیسی میں ہم آہنگی نہ برتنے کا الزام عائد کیا ہے اور ان کے خلاف مبینہ’’ انتظامی امور کی خلاف ورزیوں‘‘ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اس معاملے پر سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد وزیر اعظم دیبہ نے اپنے ایک بیان میں کہا،’’ ایگزیکٹیو برانچ کے ارکان کی نامزدگی، برطرفی، معطلی یا ان پر کسی طرح کی فرد جرم عائد  کرنے جیسے خصوصی اختیارات ۔۔۔۔۔ وزیر اعظم کے پاس ہیں۔‘‘ عبوری حکومت نے نجلا المنقوش کو وزارت خارجہ سے متعلق اپنی تمام ذمہ داریوں کو جاری رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے ان کے کام کی تعریف بھی کی ہے۔

بی بی سی کے ساتھ انٹرویو پر سوالات اٹھے

نجلا المنقوش نے سن 1988 میں ہونے والے لاکربی بم دھماکے کے بارے میں بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران جو باتیں کہی تھیں اسی سے یہ تنازعہ شروع ہوا۔ سن 1988 میں پین ایم جیٹ میں اس وقت دھماکہ ہوا تھا جب یہ مسافر طیارہ اسکاٹ لینڈ کے شہر لاکربی سے پرواز کر رہا تھا، اس میں 270 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سن 2003 میں لیبیا نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

تصویر: Maxim Shipenkov/AP/epa/picture alliance

بی بی سی کے ساتھ انٹرویو میں وزیر خارجہ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا تھا کہ لیبیا بمباری کے مشتبہ افراد کی حوالگی کے لیے امریکا کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ بی بی سی کے مطابق، نجلا المنقوش کا اشارہ مبینہ طور پر بم تیار کرنے والے ابو عقیلہ محمد مسعود کی طرف تھا، جو لیبیا کی ایک جیل میں قید ہیں اوراس حملے کے تعلق سے امریکا کو مطلوب بھی ہیں۔

لیبیا کے میڈیا میں اس حوالے سے جو خبریں نشر یا شائع ہوئی ہیں اس میں نجلا المنقوش کو اسی تنازعے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

الیکشن  کی گہماگہمی

لیبیا میں صدارتی انتخابات جلدی ہی ہونے والے ہیں اور اس تناظر میں یہ سیاسی تنازعہ وزیر اعظم عبدالحمید دیبہ اور صدارتی کونسل کے سربراہ محمد المنفی کے درمیان اختلافات میں مزید اضافے کا سبب ہو سکتا ہے۔

شمالی افریقی ملک کے مختلف سیاسی حریفوں کے درمیان، انتخابات کی قانونی بنیادوں، امیدواروں کے متعلق اخلاق و ضوابط اور یہاں تک کہ الیکشن کی تاریخ پر بھی شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

حال ہی میں پارلیمنٹ نے اسی کشیدگی کے سبب مقننہ کے انتخابات آئندہ برس جنوری تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن پھر اتوار کو ہی، لیبیا کے انتخابی کمیشن نے اعلان کیا کہ 24 دسمبر کو ہونے والے صدارتی اور پارلیمان کے انتخابات کے لیے امیدوار آٹھ نومبر پیر سے اپنی نامزدگیوں کا اندراج شروع کروا سکتے ہیں۔

ص ز/ ک م  (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں