1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا کے جنگی ہتھیاروں کا نشانہ وسطی افریقہ کے ہاتھی، اقوام متحدہ

21 مئی 2013

اقوام متحدہ کی جانب سے پیر کو بتایا گیا ہے کہ وسطیٰ افریقہ میں مسلح گروہ طاقتور ہتھیاروں کے ذریعے ہاتھیوں کے قتل میں ملوث ہیں جب کہ ان ہتھیاروں میں سے کچھ لیبیا کی خانہ جنگی کے دوران استعمال ہونے والے ہتھیار ہیں۔

تصویر: picture-alliance/dpa

یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق مسلح گروہوں کے ہاتھوں ہاتھیوں کا قتل عام کیمرون، وسطیٰ افریقی ریپبلک، چاڈ اور گیبون کے لیے سلامتی کے مسائل بھی پیدا کر رہا ہے۔

ایشیا میں ہاتھی دانت کی مانگ میں اضافہ افریقہ میں ہاتھیوں کی ہلاکتوں میں سرگرمی کا باعث بنا ہےتصویر: picture-alliance/Safari/OKAPIA KG

بان کی مون کی جانب سے اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلح گروہ اور جنگی سردار بشمول جوزف کونی اور اس کی LRA نامی تنظیم ہاتھی دانتوں کی غیرقانونی تجارت میں ملوث ہیں اور یہ ان گروہوں کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ’یہ بات انتہائی باعث تشویش ہے کہ شکاری اب بہتر سے بہترین اور طاقتور اسلحے کا استعمال کر رہے ہیں، جس میں سے کچھ غالبا لیبیا کی مسلح تنظیموں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔‘

بان کی مون کا کہنا ہے کہ گیبون کی شمال مشرق میں واقع مینکیبے پارک میں سن 2004 تا 2013 کے عرصے میں گیارہ ہزار ہاتھیوں کو ہلاک کیا گیا۔ رواں برس مارچ میں صرف ایک ہفتے میں چاڈ میں 86 ہاتھی مارے گئے، جن میں سے 33 حاملہ ہتھینیاں بھی شامل تھیں۔

وسطی افریقہ میں ہاتھیوں کے شکار میں اضافہ دیکھا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance / Robert Hadley

کیمرون کے بُوبا نڈجیڈا پارک میں گزشتہ برس کے آخری دو ماہ میں 300 ہاتھی ہلاک ہوئے۔ ’یہ صورت حال روز برس سنجیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب وسطی افریقہ کی قومی حکومتیں اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد لینے پر مجبور ہو گئی ہیں۔‘

اقوام متحدہ کے حکام کے مطابق ایشیا میں ہاتھی دانتوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے افریقہ میں مسلح گروہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ یہ گروہ اسی غیرقانونی تجارت کے ذریعے اپنے لیے سرمایے کا انتظام کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ماہرین کے مطابق لیبیا میں سن 2011ء میں معمر قذافی کے خلاف مسلح تحریک کے دوران وہاں مختلف گروہوں کو مہیا کردہ اسلحہ اب خطے میں دیگر ممالک کو منتقل ہو رہا ہے۔ ان ماہرین کے مطابق یہ ہتھیار لیبیا سے ’خبردار کرنے والی شرح‘ کے ساتھ مالی، شام اور دیگر ممالک میں پہنچ رہے ہیں۔

(at/ab (Reuters

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں