1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا کے وزیراعظم طرابلس میں اغوا

زبیر بشیر10 اکتوبر 2013

لیبیا کے وزیراعظم علی زیدان کو طرابلس کے ایک ہوٹل سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ دارالحکومت طرابلس سے حکومت نے وزیراعظم کے اغوا کی تصدیق کر دی ہے۔

تصویر: Reuters

خبر رساں ادارے روئٹرز نے دو عرب ٹیلی وژن چینلز کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم علی زیدان کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ اس واقعے کی مناسبت سے حکومت کی جانب سے بھی تصدیقی بیان جاری کر دیا گیا ہے۔ مختصر حکومتی بیان سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کو اس ہوٹل سے اغوا کیا گیا، جہاں وہ مقیم تھے۔ ہوٹل کے سکیورٹی گارڈز نے بھی وزیراعظم کے اغوا کا بتایا ہے۔ وزیراعظم علی زیدان طرابلس کے کرونتھیا ہوٹل میں مقیم تھے۔ اغوا کے وقوعے کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کو ہوٹل کے ایک گارڈز نے بتایا کہ وزیراعظم کو گرفتار کر کے لے جایا گیا ہے جبکہ دوسرے نے اغوا کاروں کو عسکریت پسند قرار دیا ہے۔ حکومتی اہلکاروں نے بھی فوری طور پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

علبی زیدانتصویر: picture-alliance/AP Photo

ابو ظہبی کے سکائی نیوز عریبیہ نے لیبیا کے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسلح افراد وزیراعظم کو ہوٹل سے مغوی بنانے کے بعد نا معلوم مقام کی جانب لے گئے ہیں۔ ان کو جمعرات کی علی الصبح اغوا کیا گیا۔ طرابلس میں وزیراعظم کے قریبی حلقے نے بھی ان کے اغوا کا بتایا ہے۔

لیبیا کے ڈکٹیٹر معمر القذافی کے اقتدار کے خاتمے کے دو سال بعد بھی حالات سنگینی سے عبارت ہیں۔ لیبیا کے حالات کے حوالے سے وزیراعظم علی زیدان نے ابھی دو روز قبل، منگل کے دِن عالمی برادری سے لیبیا میں فروغ پاتی اور جڑیں پکڑتی مسلح عسکریت پسندی کو قابو کرنے کے لیے مدد کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سارے خطے میں اسلحے کی غیر قانونی ترسیل بھی ان کے ملک سے ہو رہی ہے۔

علی زیدان گزشتہ برس کے عام انتخابات کے بعد چودہ نومبر سن 2012 کو منصب وزارت عظمیٰ پر براجمان ہوئے تھے۔ وزیراعظم بننے سے قبل وہ جنیوا میں انسانی حقوق کے وکیل تھے۔ ان کی عمر تریسٹھ برس ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں