1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیڈی گاگا نے اپنا جکارتہ کنسرٹ منسوخ کر دیا

27 مئی 2012

مشہور امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے آج اتوار کو انڈونیشیا میں اپنا تین جون کو ہونے والا کنسرٹ منسوخ کر دیا۔ جکارتہ سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اس منسوخی کی وجہ سلامتی کے خطرات بنے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

عالمی سطح پر مشہور اس پاپ گلوکارہ کے پروموٹرز نے بتایا کہ لیڈی گاگا نے یہ کنسرٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کافی سوچ بچار کے بعد کیا۔ انڈونیشیا کے سخت گیر مؤقف کے حامل اسلام پسندوں نے کچھ عرصہ قبل دھمکی دی تھی کہ اگر لیڈی گاگا اس مسلم اکثریتی ملک میں داخل ہوئیں تو وہاں انہیں انتشار ملے گا۔

اس سے پہلے جکارتہ میں اس کنسرٹ کے پروموٹرز نے یہ کہا تھا کہ کوئی نہ کوئی مصالحتی حل تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ کہ ابھی اس بات کا امکان موجود ہے کہ یہ ایونٹ جون کی تین تاریخ کو پروگرام کے مطابق منعقد ہو۔ تب اس امریکی فنکارہ کے منتظمین نے بھی یہ کہا تھا کہ وہ یہ کنسرٹ منسوخ کرتے ہوئے انڈونیشیا کے قدامت پسند مذہبی حلقوں کو خوش کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

لیڈی گاگا نے ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ نفرت کا کوئی بھی پہلو مقدس نہیں ہوتاتصویر: AP

اب اس کنسرٹ کی پروموٹر امریکی کمپنی بِگ ڈیڈی کی خاتون وکیل مینولا سیبایانگ نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ کنسرٹ صرف اس لیے منسوخ نہیں کیا جا رہا کہ معاملہ صرف لیڈی گاگا کی سکیورٹی کا تھا بلکہ اس لیے بھی کہ معاملہ لیڈی گاگا کے ساتھ ساتھ اس ایونٹ میں شریک ان کے ہزار ہا شائقین کی سلامتی کا بھی تھا۔

لیڈی گاگا پر اسلام پسندوں کی کڑی تنقید جاری ہےتصویر: AP

انڈونيشيا ميں لیڈی گاگا کے اس کنسرٹ کی مخالفت قدامت پسند مسلمانوں کے Islamic Defenders Front نامی ایک گروپ کی جانب سے کی جا رہی تھی۔ اس دوران انڈونیشی حکام کی طرف سے اس امریکی پاپ سٹار کو کنسرٹ کی اجازت دینے کے بارے میں بھی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ سخت گیر سوچ کے حامل انڈونیشی مسلمانوں کے اس محاذ کے ارکان کو اس بات پر اعتراض ہے کہ لیڈی گاگا ہم جنس پرستی کے حق میں ہیں۔ اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اس فرنٹ کے چند ارکان یہ دعوے بھی کرتے ہیں کہ لیڈی گاگا مبینہ طور پر شيطان کی پوجا کرنے والوں ميں بھی شامل ہيں۔ اس فرنٹ کی طرف سے لیڈی گاگا کو نفرت کے ساتھ ’شیطان کی پیغام رساں‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

لیڈی گاگا ایک ایسی فنکارہ ہیں جن کے ٹویٹر پر شائقین کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ تعداد قریب پچیس ملین بنتی ہے۔ کنسرٹ کی منسوخی کے اعلان سے چند گھنٹے قبل لیڈی گاگا نے ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ نفرت کا کوئی بھی پہلو مقدس نہیں ہوتا۔

ij / aa / afp

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں