1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لی کيچانگ کی ميرکل سے ملاقات، دو بلين يورو کے معاہدوں پر دستخط

عاصم سليم11 اکتوبر 2014

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل اور چينی وزير اعظم لی کيچانگ نے برلن ميں دو بلين سے زائد يورو کی ماليت کے کئی کاروباری معاہدوں پر دستخط کيے ہیں جبکہ دونوں رہنماؤں نے اپنے تجارتی روابط کو مزيد وسعت دينے کے عزم کا اظہار بھی کيا۔

تصویر: Reuters/T. Peter

چينی وزير اعظم لی کيچانگ اپنے ايک ہفتہ طويل يورپی دورے کے سلسلے ميں گزشتہ روز جرمن دارالحکومت برلن پہنچے، جہاں انہوں نے چانسلر انگيلا ميرکل سے ملاقات کی اور ڈھائی بلين ڈالر ماليت کے متعدد معاہدوں کو حتمی شکل دی۔ ان معاہدوں ميں موٹر گاڑياں بنانے والی مشہور جرمن کمپنی وولکس ويگن نے چين کے FAW گروپ کارپوريشن کے ساتھ اپنے معاہدے ميں 2041ء تک کی توسيع کر لی ہے۔ اس کے علاوہ ڈوئچے ٹيلی کام اور چائنا موبائل کے درميان بھی ايک ڈيل طے پائی، جس کے تحت يہ جرمن کمپنی چينی سڑکوں پر کاروں کے ليے ايک ڈيجيٹل نیٹ ورک بنائے گی۔ دو طرفہ معاہدوں کے علاوہ يورپی کمپنی ايئر بس نے بھی چائنا ايوی ايشن سپلائيز ہولڈنگ کمپنی کے ساتھ ايک سودہ کيا ہے، جس کے تحت وہ چين کو ستر A320 جہاز مہيا کرے گی۔ اس ڈيل کی ماليت 6.6 بلين يورو بنتی ہے۔

چينی وزير اعظم کے ہمراہ 130 رکنی وفد بھی جرمنی آيا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Wolfgang Kumm

دونوں رہنماؤں کی ملاقات ميں ہانگ کانگ ميں جاری حکومت مخالف مظاہرے بھی گفتگو کا حصہ بنے۔ ميرکل نے اميد ظاہر کی کہ سابقہ برطانوی کالونی ہانگ کانگ ميں جمہوريت نواز مظاہرے پر امن ہی رہيں گے اور ايسا حل تلاش کيا جا سکے گا، جو عوام کے ليے اطمينان بخش ہو۔ دوسری جانب لی کيچانگ نے بتايا کيا کہ 1997ء ميں برطانوی حکومت کے خاتمے بعد سے ہانگ کانگ کافی حد تک خود مختار ہے۔ انہوں نے اميد ظاہر کی کہ حکمران شہر کی ترقی اور استحکام کا تحفظ کر سکيں گے۔ چينی وزير اعظم نے البتہ يہ بھی واضح کيا کہ ہانگ کانگ چين کا اندرونی مسئلہ ہے۔

برلن ميں ملاقات کے بعد لی کيچانگ اور انگيلا ميرکل نے ايک مشترکہ پريس کانفرنس سے خطاب کيا۔ چينی وزير اعظم نے اس موقع پر جرمنی کو چين اور يورپ کے مابين تعاون کے انجن سے تعبير کيا جبکہ چانسلر ميرکل نے بھی چين کے ساتھ نہ صرف اقتصادی بلکہ تعليم، صحت اور ديگر کئی شعبوں ميں کافی گہرے تعاون پر مبنی رشتے کو سراہا۔

چانسلر ميرکل اور لی کيچانگ کی ملاقات سے قبل چينی و جرمن وزراء کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ کابينہ کے اس اجلاس ميں چين کے چودہ جبکہ ميزبان ملک کے بارہ وزراء شريک تھے۔ 2013ء ميں دونوں ممالک کے درميان باہمی تجارت کا حجم 140 بلين يورو تھا، جسے دونوں اطراف سے سراہا گيا۔

چينی وزير اعظم لی کيچانگ ہفتہ گيارہ اکتوبر کے روز جرمنی کے شمالی، بندر گاہی شہر ہيمبرگ ميں ايک کاروباری فورم سے خطاب کريں گے۔ ہيمبرگ ميں پانچ سو سے زائد چينی کمپنيوں کے دفاتر موجود ہيں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں