مائنز کو شٹٹ گارٹ نے پچھاڑ دیا
16 جنوری 2011گو کہ اس شکست کے باوجود مائنز کی ٹیم اب بھی بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے، تاہم یہ پوزیشن زیادہ مضبوط نہیں ہے۔ مائنز اور لیورکوزن کی ٹیموں کے اب تک 33 پوائنٹس ہیں۔ گزشتہ روز لیورکوزن کو لیگ کی اب تک کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ نے ایک کے مقابلے میں تین گول کے واضح فرق سے شکست دے دی تھی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو اب ان دونوں ٹیموں کے مقابلے میں 13 پوائنٹس کا فرق حاصل ہو چکا ہے اور اگلے کئی ہفتوں تک اس کی پہلی پوزیشن محفوظ ہے۔
دوسری جانب ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ وولفس برگ سے مقابلہ بمشکل ڈرا کر پائی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایک ایک گول سے برابر ہوا۔ بائرن میونخ کی ٹیم اس شکست کے بعد لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر نظر آ رہی ہے۔ دونوں ٹیموں نے اس میچ میں ایک ایک پینلٹی کک بھی ضائع کی۔
ہفتے کو ویردر بریمن اور ہوفن ہائم کا میچ بریمن کی جیت کے نتیجے پر ختم ہوا۔ اس میچ میں میزبان بریمن نے ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں سینٹ پاؤلی اور فرائی برگ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔
ہفتے کو ہونے والے ان مقابلوں کے بعد لیگ پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ 46 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوازیشن پر ہے جبکہ مائنز اور لیورکوزن کی ٹیمیں 33 پوائنٹس مگر گول اوسط کی بنیاد پر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔ چوتھے نمبر پر ہینوور کی ٹیم ہے، جس کے 31 پوائنٹس ہیں۔ بائرن میونخ 29 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ فرائی برگ کی ٹیم 28 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔
اتوار کو فرینکفرٹ اور ہینوور کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اگر اس میچ میں ہینوور نے فرینکفرٹ کو شکست دے دی، تو وہ لیگ کی دوسری اور تیسری پوزیشن کو تبدیل کر سکتی ہے۔ اتوار کے روز اس میچ ڈے کا آخری مقابلہ کولون اور کائزرز لاؤٹرن کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : ندیم گِل