مائیکروسافٹ ’ونڈوز ایٹ‘ کی ایک جھلک
3 جون 2011’ونڈوز ایٹ‘ کا خصوصی انٹر فیس اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس میں نہ صرف اسکرین کو چھو کر مطلوبہ کام انجام دیے جاسکتے ہیں بلکہ اس میں روایتی ماؤس اور کی بورڈ کے ساتھ کام کرنا ممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق اس نئے آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے مائیکروسافٹ کو ایپل کے معروف آئی پیڈ کی اجارہ داری توڑنے کا موقع ملے گا۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے اسمارٹ فونز کے لیے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم گزشتہ برس متعارف کرایا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے اسی آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن بھی متعارف کرایا گیا جسے مینگو کا نام دیا گیا ہے۔ ونڈوز ایٹ میں بھی دراصل ایسے ہی فیچرز موجود ہیں۔ یہ نیا آپریٹنگ سسٹم نہ صرف ٹیبلٹ کمپیوٹرز پر کام کرے گا بلکہ اسے لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ ونڈوز ایٹ کی ہوم اسکرین پر تمام فیچرز ٹائلز کی شکل میں موجود ہوں گے، تاہم اگر آپ ونڈوز کی روایتی ہوم اسکرین پر کام کرنا پسند کرتے ہیں تو آپ اسے تبدیل کرکے روایتی اسٹارٹ بٹن والی اس ہوم اسکرین کو اپنا سکتے ہیں جو 1995ء سے ونڈوز کی پہچان چلی آرہی ہے۔
مائیکروسافٹ ونڈوز کی ایک ڈویلپر جولی لارسن گرین نے کمپنی کے بلاگ پر ونڈوز ایٹ کا تعارف کراتے ہوئے لکھا ہے:’’ اس کے باوجود کہ نیا انٹرفیس دراصل اسکرین کو چھو کر کمانڈز دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاہم یہ ماؤس اور کی بورڈ کے ساتھ بھی اتنا ہی اچھے طریقے سے کام کرتا ہے۔‘‘ جولی لارسن گرین مزید لکھتی ہیں: ’’ ونڈوز ایٹ کا مطلب یہ ہے کہ بھلے آپ کوئی بھی سسٹم استعمال کر رہے ہوں، اس کے ساتھ جو بھی ڈیوائسز لگی ہوں آپ کی پسندیدہ ایپلیکیشنز انتہائی بہتر طور پر کام کریں۔ یہ بات یقینی ہے کہ یہ آپریٹنگ سسٹم ہارڈ ویئرز اور سافٹ ویئرز کی تیاری میں ایک نئے دور کی ابتداء ثابت ہوگا اور اس کے ذریعے دنیا بھر میں پرسنل کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کو ایک بالکل اچھوتا تجربہ حاصل ہوگا۔‘‘
مائیکروسافٹ کے ایگزیکٹیو اسٹیو سینوفسکی Steve Sinofsky نے نئے آپریٹنگ سسٹم کا تعارف کیلیفورنیا میں ہونے والی ڈی نائن ٹیکنالوجی کانفرنس کے دوران بدھ یکم جون کو کرایا۔ تاہم انہوں نے نہ تو ونڈوز ایٹ کو باقاعدہ طور پر جاری کرنے کی تاریخ کے بارے میں بتایا اور نہ ہی اس کے فیچرز کے بارے میں بہت تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ سینوفسکی کا اس موقع پر کہنا تھا: ’’ ہر وہ پروگرام اور ہر وہ ڈیوائس جو ونڈوز سیون پر کام کرتی ہے، ونڈوز ایٹ پر بھی کام کرے گی۔‘‘ سینوفسکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ کی طرف سے حال ہی میں خریدی جانے والی آن لائن وڈیو کال سروس اسکائپ کو بھی ونڈوز ایٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: شامل شمس