1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی سروسز معطل، مواصلاتی نظام متاثر

19 جولائی 2024

اس صورتحال کے دوران دنیا بھر سے کاروباری اور فلائٹ آپریشنز متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

 جمعہ کے روز امریکی ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ کے صارفین کو بڑے پیمانے پر سروسز کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی
 جمعہ کے روز امریکی ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ کے صارفین کو بڑے پیمانے پر سروسز کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئیتصویر: Jakub Porzycki/NurPhoto/picture alliance

 جمعہ کے روز امریکی ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ کے صارفین کو بڑے پیمانے پر سروسز کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی، جس کے بعد دنیا بھر سے مواصلاتی نظام اور فلائٹ آپریشنز متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

کمپنی کی جانب  سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس کے صارفین  کو مائیکروسافٹ 365 کی ایپلیکیشن اور سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان سروسز کی فراہمی بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس ٹیک کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا وہ متاثرہ آن لائن ٹریفک کو متبادل سسٹمز پر منتقل کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ اس آؤٹیج سے پیدا ہونے والے مسائل میں تیزی سے کمی لائی جا سکے۔

 اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے تاہم پھر بھی دنیا بھر سے اس کی سروسز کی معطلی کے دوران نظام زندگی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔ بعد ازاں، مائیکروسافٹ نے کہا کہ سروسز میں معطلی کی وجہ کا تعین کر کہ مسئلے کو حل کر دیا گیا ہے، تاہم اس کے اثرات اب بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق اس کی ایزرو کلاؤڈ سروسز کے صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ امریکی سائبر سکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک نے کہا کہ اس کا فیلکن سینسر استعمال کیے جانے پر مائیکروسافٹ ونڈوز کریش کر رہی ہیں، یعنی وہ کام کرنا بند کر دیتی ہیں، جس کے بعد اسکرین نیلی ہو جاتی ہے۔  

سروسز کی معطلی سے کون متاثر ہوا ہے؟

انٹرنیٹ سروس‍ز کی معطلی اور بندش کی مانیٹرنگ کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق کریڈٹ کارڈ کی کمپنی ویزا، امریکی سکیورٹی کمپنی اے ڈی ٹی، ایمازون اور متعدد ایئر لائنز کے آپریشنز کے اس آؤٹیج سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس صورتحال کے دوران ملک میں متعدد بینکوں، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، میڈیا کمپنیوں اور ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ان کی کمپیوٹر سسٹمز تک رسائی نہیں ہو پا رہی ہے اور آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کے کچھ بینکوں کی جانب سے بھی اس نوعیت کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

اسی دوران جرمنی کے برلن ایئر پورٹ کی جانب سے ایک بیان میں بھی مطلع کیا گیا کہ ایک 'تکنیکی خرابی' کی بنا پر وہاں فلائٹ آپریشنز کو آج مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے تک معطل کیا جا رہا ہے۔

اسپین میں بھی ہوائی اڈوں کے مائیکروسوفٹ کی آؤٹیج سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں تصویر: Elena Rodriguez/REUTERS

اس بیان میں اس تکنیکی خرابی کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی مائیکروسافٹ سروسز کی تعطلی کا کوئی ذکر کیا گیا۔

دوسری جانب امریکہ میں بھی ڈیلٹا ایئر لائنز، یونائیٹڈ ایئر لائنز، امیریکن ایئر لاینز سمیت متعدد ائیر لائنز نے کہا ہے کہ مواصلاتی مسائل کی وجہ سے ان کی پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔

تاہم اس حوالے سے بھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس صورتحال کی وجہ مائیکروسافٹ سروسز کی معطلی ہی ہے۔

اسی طرح اسپین، بھارت اور ہانگ کانگ اور کئی اور دیگر ممالک میں بھی ہوائی اڈے اور پروازیں متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

برطانیہ میں سب سے بڑے ریل آپریٹر نے بھی خبر دار کیا ہے کہ آئی ٹی سے متعلق مسائل کی وجہ سے ٹرینوں کو منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ میں ڈاکٹروں کی جانب سے استعمال کیا جانے والا آن لائن بکنگ سسٹم بھی کام نہیں کر رہا اور ٹی وی چینل اسکائی نیوز کی نشریات بھی بند ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت اور کئی اور ممالک میں بینکوں نے اپنے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ ان کی سروسز تعطل کا شکار ہو سکتی ہیں۔

'ٹیکنالوجی کا تاریک پہلو'

معاشی تجزیہ کار ڈین کوٹس ورتھ نے موجودہ صورتحال بر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے اس مسئلے کی وجہ سے "دنیا کا رک جانا ٹیکنالوجی کے تاریک پہلو کی عکاسی کرتا ہے۔ اس بات کا انحصار کہ یہ مسئلہ کتنا سنگین ہے اس پر ہے کہ یہ کتنی دیر چلتا ہے۔  چند گھنٹوں کی معطلی سے مسئلہ تو ہو سکتا ہے لیکن یہ صورتحال تباہ کن نہیں ہو سکتی۔ تاہم اس کا طویل مدت کے لیے ہونا الگ بات ہے۔"

 

م ا ⁄ ش ر (اے ایف پی، اے پی، توئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں