1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکروسوفٹ کے شریک بانی پال ایلن کی رحلت

16 اکتوبر 2018

بل گیٹس کے ارب پتی امریکی پال ایلن پینسٹھ برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ انہوں نے بِل گیٹس کے ساتھ مل کر مائیکروسوفٹ کی بنیاد رکھی تھی۔ انہیں کینسر کے مرض کا سامنا تھا۔

Paul Allen
تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Thompson

پال ایلن پیر کے روز امریکی شہر سیئٹل میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 65 برس تھی۔ ایلن ایک مشہور کاروباری شخصیت ہونے کے علاوہ مخیر شخص بھی تھے۔ ان کا خیراتی و امدادی ادارہ سیئٹل شہر میں قائم ہے۔ انہوں نے سن 1983 میں کینسر کی تشخیص کے بعد مائیکروسوفٹ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ سن 1983 ہی میں مائیکروسوفٹ نے پہلی مرتبہ ونڈو آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا تھا۔

انہوں نے سن 1975 میں بل گیٹس کے ساتھ مل کر مائیکروسوفٹ کی بنیاد رکھی تھی۔ دونوں کی دوستی ہائی اسکول سے شروع ہوئی تھی۔ یہی دوستی اگلے برسوں میں کمپیوٹر کی دنیا میں ایک انقلاب آفرین دور کا باعث بنی۔ سرطان کی تشخیص کے بعد وہ مائیکروسوفٹ سے ضرور علیحدہ ہوئے لیکن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے مختلف اداروں کو رہنمائی فراہم کرتے رہے۔

پال ایلن نے اپنی زندگی میں دو ارب امریکی ڈالر سے زائد امدادی و تعلیمی اداروں کو عطیات کے طور پر دیے ہیںتصویر: Getty Images/K. Kulish

رواں مہینے کے اوائل میں پال ایلن نے میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے ہسپتال داخل ہو جائیں گے اور چند ایام کے بعد وہ اپنی علالت سے جانبر نہیں ہو سکے۔ پال ایلن کی پرسنل کمپیوٹر کی تیاری میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے سن 1977 میں پرسنل کمپیوٹر کے خد و خال واضح کیے تھے۔ اُس وقت انہوں نے بیان کیا تھا کہ اس انداز کے کمپیوٹر پر اپنی ذاتی کار کے فروخت کا اشتہار دینا بھی آسان ہو گا کیونکہ یہ ٹیلی فون لائنز اور فائبر آپٹیکس کے ساتھ منسلک ہو گا۔ اُن کے لکھے ہوئے الفاظ  ان ہی کی زندگی میں حرف بحرف پورے ہو چکے ہیں۔

بِل گیٹس نے اپنے دیرینہ دوست اور ساتھی کی رحلت پر شدید رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گیٹس کے مطابق کمپیوٹر کی دنیا میں ہونے والی تبدیلیاں پال ایلن کے بغیر ممکن ہی نہیں تھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایلن نے اپنی کوششوں اور دانش سے انسانوں کی زندگیوں کے معیار کو بھی بہتر کرنے کی کوششیں آخری وقت تک جاری رکھیں۔

بال ایلن کمپیوٹر کی باریکیوں کے رازدان ہونے کے علاوہ الیکٹرک گٹار بجانے میں بھی خاص مہارت رکھتے تھے۔ وہ ایک میوزیکل بینڈ ’انڈر تھنکرز‘ کے رکن بھی تھے اور مقامی سطح پر کئی پرفارمنسز میں بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے تمام عمر شادی نہیں کی۔ ان کے پسماندگان میں صرف ایک بہن جوڈی ایلن ہے، جو حیات ہیں۔ یہی اُن کے کاروبار میں شریک رہنے کے علاوہ نگران بھی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں